بہاولپور، صوبائی وزیر اور ایم ڈی چولستان درمیان اختلافات ، ایم ڈی کی خدمات واپس ،چولستان کی ترقی سیاست کی بھینٹ چڑھ گی

بدھ 18 جنوری 2017 21:38

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء)چولستان کی ترقی کاخواب ایک مرتبہ پھر سیاست کی بھینٹ چڑھ گیا۔ چیئرمین چولستان ترقیاتی ادارہ صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ اور ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ نعیم اقبال سید کے درمیان شدید اختلافات کے بعد ایم ڈی چولستان کی خدمات واپس لے لی گئیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کی جانب سے چولستان ترقیاتی ادارہ کے چیئرمین کا قلم دان سنبھالنے کے بعد سیاسی بنیادوں پر پٹواریوںکی من پسند علاقوں میں تعیناتی ،الاٹمنٹ ، زیر التواء کیسوں کے فیصلوں میں مداخلت ،من پسند ٹھیکیداروں کو ترقیاتی منصوبے الاٹ کرنے سمیت دیگر کئی معاملات میں ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ نعیم اقبال سید کا میرٹ کے برعکس بات ماننے سے انکار کے بعد اختلاف شدت اختیار کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوںدونوں شخصیات کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد ایم ڈی نے اپنی خدمات جاری رکھنے سے معذرت ظاہر کی۔حکومت پنجاب سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نعیم اقبال سید کی چولستان ترقیاتی ادارہ سے خدمات واپس لیتے ہوئے انہیں تبدیل کرکے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر پنجاب حکومت کے اس فیصلے پر چولستان کے بعض حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب چولستان میںبدترین خشک سالی کے بادل منڈلا رہے ہیں ایسے میں ایم ڈی تبدیل کرنے سے جاری کام رک جائیں گے اورکروڑوں روپے کے منصوبہ جات شدید متا ثر ہو سکتے ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں