وفاق کی تمام اکائیوں میں یکساں قومی سوچ پیدا کرنے کے لیے پہلی مرتبہ’’قومی نصاب کونسل‘‘کاقیام عمل میں لایا گیا ہے،بلیغ الرحمن

صوبوں کی رائے سے یکساں نصاب تعلیم پر کام جاری ہے،وزیر مملکت کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:12

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) وزیرمملکت برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ وفاق کی تمام اکائیوں میں یکساں قومی سوچ پیدا کرنے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ’’قومی نصاب کونسل‘‘کاقیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں صوبوں کی رائے سے یکساں نصاب تعلیم پر کام جاری ہے۔ وہ کرافٹ بازار ہال میں دارارقم سکولز کے زیر اہتمام قرآن کنونشن میں حفاظ طلباء و طالبات کی دستار بندی کی تقریب میں خطاب کر رہے تھے انہوںنے کہاکہ نصاب میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ملک بھر میں سرکاری اورنجی سکولوں میں قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم اور چھٹی سے بارہویں تک قرآن پاک کا ترجمہ نصاب کاحصہ بنایاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کوبھی پرائمری کی سطح سے نصاب میں شامل کیاجارہاہے۔انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ کردیاگیا ہے تاہم انتہاء پسندی کی سوچ کوختم کرنے کے لیے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو قرآن پاک کی اصل روح اور تعلیمات سے متعارف کراناہوگا تاکہ دین کے نام پر کوئی ان کو ورغلا نہ سکے اورفساد یا فتنہ انگیزی کی طرف مائل نہ کرسکے۔

قرآن کاترجمہ نصاب کا حصہ بنانے کی وجہ سے یہی حکومتی سوچ ہے جوطالب علم سات سال تک قرآن کا ترجمہ پڑھے گا وہ یقیناً ایک بہتر مسلمان ہوگا۔۔انہوں نے طالب علموں پر زوردیا کہ وہ قرآن پڑھنے کی عادت کو اپنی زندگی کاحصہ بنالیں ۔ہمارے نبی آقائے دوجہان ﷺ کا فرمان کہ ’’ماں کی گود سے قبرتک علم حاصل کرو‘‘پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کابھی یہی طریقہ ہے کہ ہم قرآن پڑھنے کو اپنا معمول بنالیںتقریب سے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک حفظ کرنے والے طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ قرآن سے تعلق کو جوڑتے ہوئے ہم اس زندگی اور آخرت کی زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم اپنے تمام مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں تقریب سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سید ذیشان اختر ،عدنان فیصل ،قاری عارف مستعقیم قاری محمد اصغر علی نے بھی خطاب کیا آخرمیاں بلیغ الرحمن اور ڈاکٹر سید وسیم اخترنے حافظہ نور القمر،حافظ عبدالرحمن حافظہ وائنا رئوف ،حافظ طلحہ رئوف،حافظ فصیح الدین قمر،حافظ عبدالرحمن لیاقت کی دستار بندی کی اور دعا کرائی

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں