باجوڑ ایجنسی،اے این پی کا ایف سی آر کیخلاف بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ

اتوار 15 جنوری 2017 19:31

باجوڑ ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) اے این پی باجوڑ کا ایف سی آر کیخلاف بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ۔ عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ ایجنسی نے خاربازار میں ایف سی آر کیخلاف ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا۔ جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں اے این پی کے ورکرز نے شرکت کی ۔ جلسے کے شرکاء نے گو ایف سی آر گو کے نعرے لگائے اور فاٹا اصلاحات کی مخالفت کرنے پر مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی باجوڑایجنسی کے صدر عطاء اللہ خان ، جنرل سیکرٹری گل افضل خان ، فاٹا سیاسی اتحاد کے صدر نثار مومند، فاتح الرحمن ، عبدالمنان کاکاجی ، شیخ جہانزاد ہ، ملک عبدالسبحان ، حاجی عبدالقیوم، شاہ نصیر خان مست خیل اور دیگر مقررین نے کہا کہ فاٹا سے فرسودہ نظام ایف سی آر کا خاتمہ کرکے قبائلی علاقوںکو فی الفور خیبر پختونخواہ میں ضم کیاجائے کیونکہ ایف سی آر فاٹا کے تمام مسائل کی جڑ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں انضمام سے خیبر پختونخواہ دوسرا بڑا صوبہ بن جائیگا اور پختون قوم ایک ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے ایک کروڑعوام اس جدید سائنسی دور میں بھی بنیادی ضروریا ت اور سہولیات سے محروم ہیں جن کی وجہ سے ان کے مسائل اورمشکلات میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ۔ انھو ںنے کہاکہ اگر موجودہ حکومت چاہے تو ایف سی آر کا خاتمہ پانچ منٹ میں ہوسکتاہے مگر حکومت فاٹا سے ایف سی آر کے خاتمے میں مخلص دکھائی نہیں دے رہااور مسلم لیگی ایم این ا ے بھی عوام کو بیوقوف بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کیوجہ سے قبائلی عوام انتہائی پسماندگی اور غربت کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قبائلی عوام اج انتہائی تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں کی ترقی اور لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی اور جدید سہولیات ان کے دہلیز پر فراہمی کے لیے ایف سی آر کا خاتمہ اور فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام انتہائی لازمی ہے ۔

مقررین نے کہا کہ آج کا جلسہ عام ایف سی آر کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہے ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اُس وقت کہاں تھے جب قبائل پر بمباری ہورہی تھی ۔ جلسہ عام میںفاٹا اصلاحات کی مخالفت کرنے پر مولانا فضل الرحمن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا ۔ مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی نے ایف سی آر کیخلاف عوامی طاقت دیکھ کر پسپائی اختیار کی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں