بھکر، ضلع میں کھیلوں کے فروغ اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع منصوبہ بندی وضع کی گئی ہے،ڈی سی

ہفتہ 18 فروری 2017 16:36

بھکر۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کے سپورٹس پروموشن وژن کے تحت ضلع میں کھیلوں کے فروغ اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع منصوبہ بندی وضع کی گئی ہے تاکہ یونین کونسل،تحصیل اورضلع لیول پر کھیلوں کے مواقع عام کرکے صحت مندانہ ماحول کی ترویج یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کی منصوبہ بندی میں خواتین کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس ایوینٹس کی ترویج پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔انہوں نے یہ بات سپورٹس جمنیزیم بھکرمیں خواتین کے دوروزہ سپورٹس گالا کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں اے ڈی سی ریونیو حافظ احمد طارق ،پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھکر پروفیسر نعیمہ منظور،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اورآرگنائزنگ کمیٹی کی خواتین ارکان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاکہ حکومت پنجاب تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی فراخدلانہ وسائل صرف کرکے ہونہارکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کررہی ہے جن میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر مختلف کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب کے سپورٹس پروموشن وژن کے تحت بھکرمیں گیارہ کروڑروپے کی لاگت سے معیاری سہولیات سے آراستہ سپورٹس جمنیزیم تعمیر کیاگیاہے اوراس نوعیت کی سہولیات تحصیلوں میں بھی فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی کہ ضلع میں خواتین کے کالجز میں متعلقہ سربراہان کی مشاورت سے تین کھیلوں کیلئے سامان اور کٹس کی مفت فراہمی کی جائے۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں