پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، گولی لگنے سے نمبردار کا بیٹا جاں بحق

اللہ دتہ کو پولیس کی گولی لگی ، ورثا، مقتول اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا،پولیس ایس ایچ او اور اے ایس آئی سمیت 9 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ ، 3 پولیس ملازمین گرفتار

بدھ 18 جنوری 2017 19:14

بوریوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جانیوالی پولیس پارٹی اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کی زد میں آ کر گائوں کے نمبردار کا بیٹا جاں بحق ہوگیا،اہل دیہہ نے تین پولیس ملازمین کو پکڑ کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ مشتعل مظاہرین نے پولیس کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اڈہ رسولپور پر قائم پولیس چوکی مسمار کر کے بورے والا عارف والا روڈ کو بلاک کر دیا۔

تھانہ صدر پولیس عارف والا نے مقتول کی ماں کے بیان پر ایس ایچ او تھانہ گگو منڈی اور اے ایس آئی سمیت سات پولیس اہلکاروں سمیت 9ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تین کانسٹیبلوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعات کے مطابق گزشتہ شام تھانہ گگو منڈی پولیس کے انسپکٹر ایس ایچ او چوہدری محمد اکرم چٹھہ انچارج چوکی تاج پورہ محمد رئوف اقبال اے ایس آئی اور کا نسٹیبلان رضا کار محمد ندیم جوئیہ ،خواجہ عارف ،محمد شبیر ،محمد وسیم اور محمد عرفان ،عامر ارشد کھچی کے علاوہ دو نامعلوم پولیس ملازمین نے چک 167/EBمیں ڈکیتی کے مقدمہ میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس کی زد میں آکر گائوں کے نمبرداربشیر احمد جٹ کا بیٹا اللہ دتہ جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

ورثاء کے مطابق اللہ دتہ پولیس کی گولی لگنے سے قتل ہوا ہے جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے پر موقع پر ہی دم توڑ گیا، دیہاتیوں نے تین پولیس ملازمین کو قابو کر کے تشدد کیا اور بعد ازاں سینکڑوں دیہاتیوں نے مشتعل ہو کر بورے والا عارف والا روڈ بلاک کر دی اور وہاں پر قائم پولیس چیک پوسٹ رسول پور کو مسمار کر دیا، اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی بورے والا ملک طاہر مجید مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور رات گئے مقتول اللہ دتہ کی والدہ بشیراں بی بی کے بیان پر ایس ایچ او تھانہ گگو انسپکٹر محمد اکرم چٹھہ اوراے ایس آئی محمد رئوف اقبال سمیت 9 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے تین پولیس ملازمین کو گرفتار کر لیا جبکہ ایس ایچ او اکرم چٹھہ اور دیگر ملازمین کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں