چارسدہ،ڈی ایچ کیو ہسپتال سے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کے تبادلے کیخلاف جماعت اسلامی یوتھ کی احتجاجی ریلی

پیر 13 فروری 2017 21:06

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ سے گائینی ، میڈیکل ، سرجیکل، آرتھوپیڈک اور ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی بیک وقت صوبائی وزیر صحت شاہرام ترکئی کے آبائی ضلع صوابی تبادلے کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے فاروق اعظم چوک میں دھرنا دیا اور ہسپتال ایمرجنسی یونٹ کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے ہسپتال کی ایمرجنسی کو تالے لگا دیئے اور اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی مکمل ناکہ بندی کی جائے گی ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی یوتھ کے نوید خان اور دیگر نے کہا کہ چارسدہ ہسپتال میں پہلے ہی سے 27ڈاکٹروںں کی کمی تھی جس کی وجہ سے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کا فقدان تھا اور معمولی امراض کے علاج کیلئے لوگ دیگر اضلاع جایا کر تے تھے مگر صوبائی وزیر صحت شاہرام ترکئی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ سے مزید پانچ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو صوابی تبدیل کر کے ضلع چارسدہ کے غریب ، بے کس و بے سہارہ مریضوں کو بے یار ومددگار چھوڑ دیاہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت چارسدہ کے 20لاکھ عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیاہے ۔ عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی اور امتیازی سلوک پر جماعت اسلامی مزید خاموش نہیں رہ سکتی اور کل بروز بدھ فاروق اعظم چوک کو مکمل طور پر بلاک کرکے چارسدہ ہسپتال کو تالے لگائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں