منشیات ایک لعنت ہے جو معاشرے کو گھن کی طرح کھا رہی ہے،پروفیسر ڈاکٹر بختیار خٹک

اسلامی تعلیمات کی روسے منشیات سے پرہیز لازم ہے ،قرآن اور حدیث میں استعمال سے سختی سے روکا گیا ہے ،جدید سائنس میں بھی منشیات کے استعمال کو زہر قاتل قرار دیا گیا ہے ، پرووائس چانسلر گومل یو نیورسٹی

جمعرات 16 فروری 2017 18:31

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) گومل یو نیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بختیار خٹک نے کہا ہے کہ منشیات ایک لعنت ہے جو معاشرے کو گھن کی طرح کھا رہی ہے ۔اسلامی تعلیمات کی روسے منشیات سے پرہیز لازم ہے ۔قرآن اور حدیث میں انکے استعمال سے سختی سے روکا گیا ہے جبکہ جدید سائنس میں بھی منشیات کے استعمال کو زہر قاتل قرار دیا گیا ہے ان خیالات کاظہار انہوں نے گومل یو نیورسٹی میں منشیات کے خلاف منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، گومل یو نیورسٹی کے انچارج ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر ملک ستار بخش اعوان، چیئرمین شعبہ بزنس ایڈ منسٹریشن ڈاکٹر شیرکمال خان خٹک، پرووسٹ انجنیئر اقبال زیب خٹک، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر عتیق الرحمان علی زئی، چیئرمین شعبہ انگلش پروفیسر مشتاق الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے، مقررین نے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید میں اللہ تعالیٰ کا واضح ارشاد ہے جس میں اللہ تعالی نے منشیات کو دوسری خطرناک اور قابل نفرت شیطانی اعمال میں سے گنوایا ہے اور ہمیں ان سے پرہیز کرنے کے لئے کہا ہے ۔

(جاری ہے)

آیات قرآنی میں بتایا گیا ہے کہ منشیات کس طرح شیطان کا ایک قابل نفرت عمل ہے کیونکہ منشیات دشمنی کے بیج بونے کے علاوہ آپکو اپنے اصل مقصد یعنی ذکر الہی سے روکتی ہیں اور یہ کہ آپکا اپنے نفس پر کنٹرول ختم ہوجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ ابن حجر نے کئی سکالز سے حشیش استعمال کرنے کے 120دنیا وی اور روحانی نقصانات روایت کئے ہیں ۔الغرض منشیات جرائم ہیں اورا ن سے احتراز لازمی ہے یہ لوگوں کی زندگیوں کو جسمانی ،ذہنی ،اخلاقی اور روحانی طورپر تباہ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کس طرح ہماری نوجوان اور آنے والے نسلوں کے لئے زہر قاتل ثابت ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ میں منشیات کے استعمال کی شرح میں اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے گومل یو نیورسٹی کیمپس کو منشیات فری کیمپس بنانے کے لیئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور کی ہدایات کی روشنی میں پرووسٹ اقبال زیب خان نے جہاد شروع کیا ہوا ہے جو قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے مستقبل میں اس ملک کی قیادت کرنی ہے لہذا ہم سب کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اس موقع پر جی ایس سی کے طلبہ کی جانب سے منشیات کی تباہ کاریوں سے متعلق ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی، قبل ازیں وائس چانسلر سیکریٹریٹ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم تک ایک واک بھی کی گئی جس میں شرکاء نے منشیات کے خلاف بینرز، پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں