نامور نعت گو مظفروارثی کی چھٹی برسی ہفتہ کو منائی جائیگی

منگل 24 جنوری 2017 14:19

نامور نعت گو مظفروارثی کی چھٹی برسی ہفتہ کو منائی جائیگی
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء)صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کے حامل ملک کے نامور نعت گو مظفروارثی کی چھٹی برسی 28جنوری بروز ہفتہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ مظفر وارثی کاپورا نام محمد مظفرالدین احمد تھا جو 23 دسمبر 1933ء کو میرٹھ میں پیداہوئے ۔ انہوںنے نعت گوئی میں عالمگیر شہرت حاصل کی تاہم انہوںنے غزل ، نظم ، ہائیکواور نثر کے میدان میں بھی کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔

مظفر وارثی نے 32 اردو فلموں کے گیت بھی لکھے تاہم 1972ء کے بعد انہوںنے نعت گوئی کی جانب زیادہ توجہ مرکوز کی ۔ ان کی لکھی ہوئی حمد کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہاہے وہی خداہے کو استاد نصرت فتح علی خان نے اپنے مخصوص انداز میں گا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے امر کردیا ۔

(جاری ہے)

مظفر وارثی نے ہزاروں نعتیں لکھیں اور ان کی 20سے زیادہ کتب بھی منصہ شہود پر آئیں جن میں غزلیات کامجموعہ برف کی نائو، شعری مجموعہ ،لہجہ ، گئے دنوں کا سراغ ، خود نوشت، باب حرم، نور ازل ، الحمد ، حصار ،ستاروں کی آبجو،کعبہ عشق ، کھلے دریچے بند ہوئے ، دل سے درنبی ؐ تک ،ظلم نہ سہنا ، کمند وغیرہ شامل ہیں۔

مظفروارثی 28جنوری 2011ء کو مختصر علالت کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔مظفر وارثی مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کااہتمام کیاجائیگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں