وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف

اداروں کی مثالی کارکردگی کی وجہ سے’’را‘‘ کے ایجنٹ گرفتار ہوسکے ہیں ، حالات کو پرامن رکھنے میں پولیس کا کردار نمایاں ہے، حافظ حفیظ الرحمان

ہفتہ 18 فروری 2017 23:00

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کی مثالی کارکردگی کی وجہ سے’’را‘‘ کے ایجنٹ گرفتار ہوسکے ہیں جنہوں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ بھارت اپنے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے فنڈنگ کرتا تھا۔ہفتہ کے روز چنارباغ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لئے بھی سیکورٹی خطرات ہیں مگر سیکورٹی اداروں کی اچھی کاردگی کی وجہ سے دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں پولیس اہلکاروں کی کارکردگی مایوس کن تھی مگر مسلم لیگ(ن) کی حکومت آتے ہی ہم نے پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ کاوشیں شروع کرکے پولیس کا حوصلہ بڑھایا اور تمام مفرور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے چوک چوراہوں پر مفروروں کی تصاویر آویزاں کرکے سر کی قیمت مقرر کی جس کے بعد پولیس کے جوانوں اور افسران نے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالات کو پرامن رکھنے میں پولیس کا کردار نمایاں ہے۔تقریب میں وزیراعلیٰ نے 8مئی2015ء میں سانحہ نلتر کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی عبدالرحمان کو بھی سرٹیفکیٹ سے نوازا ۔۔۔(ولی)

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں