ضلعی انتظامیہ پی ایچ اے اور کارپوریشن کے ساتھ مل کر شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے گی ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 19 جنوری 2017 20:33

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر محمد عامرجان نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی(پی ایچ اے ) کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ پارکس کی سیکورٹی فول پروف بنائی جائے،سیکورٹی گارڈ تعینات کرکے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں اور پارکوں میں آنے والے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے پر تو جہ مرکوز کی جائے ۔

وہ اپنے دفتر میں پی ایچ اے کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ جس میں اراکین صوبائی اسمبلی توفیق احمد بٹ ‘ محمد نواز چو ہان ‘وفاقی وزیر خرم دستگیر خاں کے نمائندہ ناصر کھوکھر‘ ایم ڈی واسا خالد بشیر بٹ‘ ڈائر یکٹر ایڈمن اینڈ فنانس پی ایچ اے احد ڈوگر‘ میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام ‘ بورڈ کے سرکاری و غیر سرکاری ممبران اور افسران نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بجٹ اور سٹاف کے امور جبکہ گلشن اقبال پارک کی کنٹین اور فن لینڈ کی نیلامی اور گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والے اداروں سے ٹیکس وصولی جیسے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ڈ پٹی کمشنر محمد عامر جان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پی ایچ اے اور کارپوریشن کے ساتھ مل کر شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے گی ۔اس ضمن میںکارپوریشن اورپی ایچ اے کو اپنی بہتری اور منصوبہ بندی کے لئے جس جگہ انتظامیہ کی معاونت کی ضرورت ہو گی بھرپور اقدامات کرتے ہو ئے ان دونوں اداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے گا ۔

انہوںنے کہا کہ فلاح عامہ کے کاموں اور شہر کی خوبصورتی کے اقدامات میں حائل رکاوٹیں اور مشکلات دور کرنے کے لئے خصوصی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ چھوٹے اور بڑے پارکوں کو شہریوں کے لئے جاذب نظر بنانے سے بھی ان کی توقعات پر پورا اتر ا جا سکتا ہے۔ ڈ پٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ چن دا قلعہ چوک اور پارکوں کے ارد گرد سے اندرون شہر تمام بینرز فوری طو رپر ہٹائیں اور داخلی راستے خوبصورت بنائے جائیں۔

گرین بیلٹوں پر قبضے فوری طور پر ختم کرائے جائیں اور مزید 50 جگہوں پر پارکس اور گرین بیلٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی پارک میں گندگی پائی گئی تو متعلقہ سپروائزر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی۔ انہوںنے پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں تمام پارکوں کی لائیٹیں فنکشنل کی جا ئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پی ایچ اے کا دائرہ کار گوجر انوالہ کی 73 یونین کونسلوں تک بڑ ھایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں خطاب کے دوران پی ایچ اے کے لئے ضروری مشینری اور ٹرانسپورٹ کی منظوری بھی دی۔ چیئرمین پی ایچ اے توفیق احمد بٹ ایم پی اے نے کہاکہ حکومت شہروں میں خوبصورتی میں اضافہ ‘ شجر کاری ‘ پارکوںاور عوامی جگہو ں کو خوبصورت بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کرتے ہو ئے لاکھوں روپے کے فنڈز دے رہی ہے ۔اس کے دیانتدارانہ استعمال یقینی بنا یاجائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کامقصد گوجر انوالہ شہر کو سر سبز اور خوبصورت بنانا ہے۔ اس کیلئے افسران کو بھر پور طورپر متحرک کیاگیا ہے ۔ ڈائر یکٹر ایڈمن اینڈ فنانس احد ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر کو پی ایچ اے کی کارکردگی اور مسائل سے آ گاہ کیا ۔اجلاس میں شریک ایم پی اے محمد نواز چو ہان نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے واسا اور پی ایچ اے کے مابین باہی رابطہ مربوط بنانے پر زور دیا ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے اور حکام سے مختلف امور پر بریفنگ بھی لی۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں