عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ایوننگ آئوٹ ڈور کا آغاز

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:26

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ایوننگ آئوٹ ڈور (او۔پی۔ڈی) ، ہیپاٹائٹس و شوگر سنٹر ، برن یونٹ میں علاج معالجہ کی سہولیات کا آغاز کر دیا گیا ہے، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے ڈپٹی کمشنر گجرات لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ افتتاح کیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، اے سی ظہیر چٹھہ، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج ڈاکٹر ظفر اقبال، ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف، چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عابد محمود، ڈی ایچ او ڈاکٹر زاہد تنویر، سماجی شخصیت امتیاز کوثر، انجمن بہبودی مریضاں کے خادم علی خادم بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایوننگ آئوٹ ڈور کے آغاز کا مقصد مریضوں کو شام کے اوقات میں بھی طبی سہولیات کی فراہمی ہے ، ایوننگ آئوٹ ڈور میں سہہ پہر تین بجے سے شام چھ بجے تک ڈاکٹرز مریضوں کا چیک اپ کریں گے، ابتدائی طور پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف خود بھی مریضوں کا چیک اپ کریں گے جبکہ ڈی ایم ایس ڈاکٹر عالم سمیت دیگر ڈاکٹرز میڈیکل، سرجری سمیت پانچ مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹرز ڈیوٹی دیں گے۔

(جاری ہے)

برن یونٹ میں طبی سہولیات کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف نے بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جانیوالا غلام سرور برن یونٹ تین کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہوا ہے جس میں پلاسٹک سرجن کی تعیناتی کر لی گئی ہے جبکہ دیگر پوسٹوں پر سٹاف کی بھرتیوں کا عمل مکمل کرکے حتمی منظوری کیلئے سمری حکومت پنجاب کو بھجوادی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس و شوگر سنٹر کے قیام کا مقصد ان امراض میں مبتلا مریضوں کوعلاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے ، سنٹر میں ڈاکٹر افضل اور ڈاکٹر دانیال مریضوں کا چیک اپ کریں گے۔ انہوںنے بتایا کہ ہیپاٹائٹس و شوگر سنٹرسرکاری ہسپتالوں میں منفرد منصوبہ ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ۔

انہوںنے کہا کہ ایوننگ آئوٹ ڈور کے آغاز سے غریب مریض دن کے علاوہ بعد سہ پہر بھی مفت طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔ انہوںنے کہا کہ برن یونٹ کا منصوبہ ہر لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے خصوصا یہاں فراہم کی جانیوالی سہولیات سے کسی بھی وجہ سے جل جانیوالے مریضوںکو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔ انہوںنے یقین دلایا کہ ہسپتال کے طبی عملہ کی بھرتیوں کا عمل جلد مکمل کرنے، نیز ٹراما سنٹر کیلئے پوسٹوں کی منظوری کیلئے حکومت پنجاب سے رابطہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں