ممتازروحانی پیشوا حضرت پیرفقیراللہ بکوٹی ؒکے سہ روزہ سالانہ عر مبارک کی آخری تقریب انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ بکوٹ شریف میں منائی گئی

ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں کے علاوہ ممتاز مذہبی اور روحانی شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی

منگل 22 نومبر 2016 13:42

کوہالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2016ء)ممتازروحانی پیشوا حضرت پیرفقیراللہ بکوٹی ؒکے سہ روزہ سالانہ عر مبارک کی آخری تقریب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ بکوٹ شریف میں منائی گئی۔ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں کے علاوہ ممتاز مذہبی اور روحانی شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے فول و پروف اقدامات کیئے گئے تھے ۔

عرس کی آخری بابرکت تقریب سے سجادہ نشین چورہ شریف حضرت پیرسید سعادت علی شاہ ،سجادہ نشین چکوال مولانا محمد اکرم اعوان کے صاحبزادے عبدلقدیر اعوان، مولانا قاری تنزیل الرحمن راولپنڈی ،مولانا سعیدالرحمن ، مولانا سیف اللہ، قاری جاوید الرحمن اور مولانا بنیامین کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے خطاب کیااور نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت ؐپیش کیا ۔

(جاری ہے)

سجادہ نشین بکوٹ شریف مولانا صاحبزادہ محمد زاہربکوٹی نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ حضرت پیر فقیراللہ بکوٹی ؒ نے اپنے اسلاف کے مشن کوجس طرح جلا بخشی ہم بھی انشاللہ اسی جذبہ اور استقلال کے ساتھ حضرت بکوٹیؒ کی تعلیمات کو آئیندہ نسلوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اتحاد امت کی اشد ضرورت ہے ۔اسلیئے تمام مسلمانوں کو اتحاد بین المسلمین کی کاوشوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے قرآن و حدیث اور حضور ﷺکی سنت مطہرہ بہترین مشعل راہ ہے اور ان پرکاربند رہ کر فلاح پائی جاسکتی ہے۔اس موقع پر سجادہ نشین چورہ شریف پیر سیدسعادت علی شاہ نے حضرت بکوٹی ؒ کی دینی و روحانی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بکوٹیؒ کی تعلیمات نے لوگوں کو اندھیروں سے نکال کر روشنی اور کامیابی کے سفر کے ساتھ منسلک کرکے دین اسلام کی بڑی خدمت کی ہے ۔

سجادہ نشین چورہ شریف نے اپنے خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے بکوٹ شریف کے زاہرین سے کہا کہ حضرت بکوٹی نے شریعت کے ساتھ ساتھ طریقت پر چلنے کیلئے نماز کی اقامت کی تلقین کی ہے اور نماز کے بغیر طریقت جائز نہیں ۔انہوں نے اس موقع پر زائرین کو سختی سے نماز کی باقاعدگی سے ادائیگی کیلئے تلقین بھی کی ۔آخر میں سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید سعادت علی شاہ نے سجادہ نشین بکوٹ شریف پیر محمد زاہر بکوٹی کی درخواست پر پاکستان کی سالمیت ، عالم اسلام کے اتحاد، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی ۔

ہالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں