پاراچنار ‘ نیو سبزی منڈی مارکیٹ میں دھماکہ‘21افراد جاں بحق ‘ 50 سے زائد زخمی

ہفتہ 21 جنوری 2017 19:43

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) پارا چنار عید گاہ نیو سبزی منڈی مارکیٹ میں دھماکہ‘21افراد جاں بحق جبکہ 50سے زائد زخمی ہوگئے ۔جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئیں۔دھماکے بعد سیکورٹی فورسز کے کوئیک رسپانس فورس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ پولیٹیکل انتظامیہ کرم ایجنسی اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز صبح 8بجے کے قریب کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنا ر کے شہر میں واقعہ عید گاہ مارکیٹ نیو سبزی منڈی میںنا معلوم افراد کی جانب سے سبزی کی کریٹ میں 20کلو گرام سے زائد بارودی مواد نصب کررکھا تھاکہ جیسے ہی لوگ سبزی منڈی میں جمع ہو گئے تو اس دوران اچانک بارودی مواد کا زورداردھماکہ ہوا۔

دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری مچ گئیں جبکہ دھماکے کی آوازدور دور تک سنی گئی۔

(جاری ہے)

دھماکے میںمرنے والوں کی اکثریت دکانداروں اور سبزی فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں والوں کی بتائی جاتی ہیں۔اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نصر اللہ خان کے مطابق دھماکے میں21افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئی ہیں جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہو گئے جس میں اکثرزخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہیں جس سے حلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔

دھماکے میں زخمی اور جاں بحق افرادکی شناخت کے بعد لسٹ ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر آویزاں کر دی گئیں۔جاں بحق افراد میں اسرار حسین،مظہر علی،سید قوسین،ظاہر حسین،ساجد حسین،شفاعت حسین،مسکر علی،ریاست علی،زین حیدر،تجمل حسین،شجاعت،باقر حسین،سید قادر شاہ،عارف حسین،اجمل حسین ،امجد علی،سید قیصردیگر کے نام معلوم نہ ہو سکے ۔پاراچنار ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امدا د کی فقدان کی وجہ سے 20سے زائد زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جبکہ 7زخمی افراد کو تحصیل ٹل سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے تاہم مزید معمولی نوعیت کے زخمیوں کو پارا چنار ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔

واقعہ کے بعدجاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ پارا چنار مرکزی امام بارگاہ میں ادا کر دی گئی ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی مظہر شاہین سمیت پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران ،سیاسی و سماجی رہنمائوں اور علاقہ عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔نماز جنازہ کے بعد آئی جی ایف سے زخمیوں کی منتقلی دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کے ہدایات جاری کر دیں۔دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر جعفری نے پاراچنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں