ہری پور، عوام میں معاشرتی خلاء کو کم کرنے سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے تقریب

منگل 17 جنوری 2017 13:19

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) معاشرہ میں امن و امان ،بڑوں اور چھوٹوں کے درمیان معاشرتی خلاء کو کم کرنے سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے ٹی ایم اے ہال میں ایک تقریب کا انعقادکیا گیا۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے رہنما یوسف ایوب خان، اینکروچمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شاہد امین خان، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ارکان سمیت بلدیاتی کونسلرز، اساتذہ، پروفیسرز، ماہر تعلیم، وکلاء اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران رتگرز کے ڈائریکٹر رانا ارشاد نے بتایا کہ ایسے سیمینار کا مقصد معاشرہ میں امن وامان سے متعلق شہریوں کے اندر احساس پیدا کرنا ہے، ہمارے معاشرے میں اسلامی احکامات پر چلنے سے ہی امن قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں بڑے اورچھوٹوں کے درمیان خلاء کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ماں اور بچے کی صحت کے ساتھ دیگر عوامل کو ملا کر معاشرہ کو بہتری کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے تعاون سے جو سیمینار منعقد کروائے گئے ہیں ان میں بھی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بیٹے کے ساتھ بیٹی کو بھی اتنا ہی مقام حاصل ہے جس طرح دین اسلام نے ہمیں بتایا ہے، بیٹیوں کے حقوق بھی برابر ہیں، اپنی بیٹیوں کو زیادہ اہمیت دیں تاکہ بیٹیوں میں موجود احساس محرومی کا خاتمہ ہو سکے اور معاشرہ اسلامی اقتدار کی پابندی کر سکے۔

ڈائریکٹر رانا ارشاد نے کہاکہ جنریشن گیپ کو ختم کرنے کیلئے ہم مختلف پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، نہایت قلیل مدت میں شہریوں کے اندر اس احساس کو اجاگر کرنے میں ہم کامیاب ہوئے ہیں، احساس اور شعور انسان کو صحیح معنوں میں انسان بنا کر پیش کرتا ہے۔ تقریب سے یوسف ایوب سمیت دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور انسانی معاشرہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور رتگرز کے ڈائریکٹر رانا ارشاد کی کا وشوں اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی شہریوں میں شعور اجاگر مہم کو اسی طرح سے جاری رکھا جائے تاکہ شہری ایسے سیمینارز میں زیادہ سے زیادہ شرکت کر کے آگاہی سے مستفید ہو سکیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں