محکمہ صحت کی ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ہری پور کا دورہ

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ایک مہینہ کے اندر ہسپتال کے انتظامی و طبی معاملات درست کرنے کی ڈیڈ لائن

جمعرات 19 جنوری 2017 15:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) محکمہ صحت کی ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ہری پور کا اچانک دورہ کیا اور مبینہ ناقص انتظامی معاملات پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک مہینہ کے اندر ہسپتال کے انتظامی و طبی معاملات درست کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ ٹیم نے ہسپتال میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر متعلقہ عملہ کی تنخواہیں کاٹ دیں۔

وزیراعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر خالد کی قیادت میں آٹھ رکنی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کا چانک دورہ کیا، ٹیم میں محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیمرات و مواصلات کے نمائندے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ادوایات کا کوئی مناسب سٹور موجود نہیں تھا اور نہ ہی ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام تھا۔

ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم غیر فعال ہونے کی وجہ سے مریضوں کو دستی رسید جاری کی جا رہی تھیں اور بچوں کے وارڈ میں مریضوں کیلئے جگہ کم تھی۔ پورے ہسپتال میں کوئی بھی آٹو کلیو فعال نہیں تھا جبکہ نیا خریدا گیا آٹو کلیو بھی کام نہیں کر رہا تھا۔ مانیٹرنگ ٹیم نے ان تمام ناقص انتظامی معاملات کا براہ راست ذمہ دار ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ٹھہراتے ہوئے ایک مہینہ کے اندر سارے معاملات ٹھیک کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ مانیٹرنگ ٹیم نے محکمہ صحت کو یہ سفارش بھی کی ہے کہ ہسپتال کیلئے امیج انٹسفائیر، کیمیکل اور ہیماٹولوجی انالائنرز درکار ہیں جن کی فراہمی کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں