حسن ابدال،سرکاری ملازمین کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، ایمان وسیم

جمعہ 20 جنوری 2017 17:55

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان وسیم نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں اسلئے انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات ضلع کونسل اٹک میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن اٹک کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پرصدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع اٹک احمد خان، صدر چوہدری رحمت علی،زاہد محمود، مرزا سراج بیگ، ملک شیراحمد ، سہیل اختر اعوان کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پرصدر ایپکا ضلع اٹک احمد خان نے چیئرپرسن ضلع کونسل کو ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے سیٹ اپ کی وجہ سے ملازمین کی کثیر تعداد کو ان کی تعیناتی کے مقام میسر نہ ہونے کی وجہ شدید مشکلات درپیش ہیں ، ضلع اتھارٹی کے قیام سے بعض محکموںمیں ہونے والا روٹین کا کام بھی متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے ان محکموں کے ملازمین کو ترقی اور دیگر مسائل درپیش ہیں ۔

(جاری ہے)

جس پرچیئرپرسن ضلع کونسل ایمان وسیم نے وفد کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کسی بھی پریشانی کی صورت میں ان سے رابطہ کرسکتے ہیں، ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دروازے کھلے رہیں گے۔ ایپکا ضلع اٹک کے وفد نے چیئرپرسن ضلع کونسل کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں