حسن ابدال میں 18 لاکھ روپے کی ڈکیتی، دو مچھلی منڈیاں اور ایک دکان کو لوٹ لیا گیا

ہفتہ 18 فروری 2017 22:06

حسن ابدال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) تھانہ سٹی کی حدود میں ایک رات میں ڈکیتی کی تین مختلف وارداتوں میں دو مچھلی منڈیاں اور بیٹریوں کی ایک دکان کو لوٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود میں واقع پاکستان آٹوز کے گذشتہ رات نا معلوم چور تالے کاٹ کر دکان میں موجود چار لاکھ سے زائد رقم مالیت کی گاڑیوں کی بیٹریاں چوری کر کے لے گئے جبکہ دوسری واردات میں جی ٹی روڈ کے پررونق مقام اڈا لاریاں پر واقع الوھاب مچھلی منڈی پر رات تین بجے کے قریب آٹھ سے نو افراد مسلح ہو کر آئے اور وہاں موجود افراد کو زدوکوب کرتے ہوئے ان سے چار لاکھ سے زائد نقد رقم اور موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہو گئے۔

مرزا منصور کے مطابق منڈی پر رش کم ہوتے ہی آٹھ سے نو افراد نقاب پہنے منڈی میں داخل ہوئے اور وہاں موجود افراد کو اسلحہ کے زور پر قابو کرتے ہوئے چار لاکھ روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کچھ دیر بعد ہی کچھ فاصلے پر جی ٹی روڈ پر موجود بھاگٹ مچھلی منڈی پر ڈاکے کے دوران 9لاکھ 55ہزار پانچ سو پچاس روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

بھاگٹ مچھلی منڈی کے قریب موجود چوکیدار کے مطابق رات تین بجے کے بعد چھ افراد مارکیٹ میں آئے مگر اس وقت وہاں کچھ افراد کام کر رہے تھے جس پر وہ افراد راستہ پوچھتے ہوئے وہاں سے واپس چلے گئے جبکہ بعدا زاں جیسے ہی مارکیٹ میں کام کرنے والے افراد دکان بند کر کے وہاں سے گئے وہ افراد واپس آ گئے اور انہوں نے آتے ہی چوکیدار کو زد و کوب کرتے ہوئے اس کے ہاتھ باندھ دیے اور اسے قریب واقع بھاگٹ منڈی کے پاس لے گئے۔

جہاں وہ کٹر کے ذریعے بھاگٹ منڈی کے بیرونی دروازے کے تالوں کو کاٹ کر اندر داخل ہوئے اور اندر موجود منڈی انچارج محمد خان پر اسلحہ تان لیا اور اس کے ہاتھ باندھ کر وہاں موجود رقم جو تقریباًً 9لاکھ سے زائد بنتی ہے چھینتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس نے تمام افراد کی درخواستوں پر مقدمات درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں