حیدرآباد، پیپلزپارٹی نے نوکریاں فروخت کرکے کروڑوں روپے کمائے ہیں ،لال خان جتوئی

کارکنوں کی پلاٹوں کی اسکیم میں بھی بڑے پیمانے پر خوردبرد کی گئی ،سینئر کارکن پی پی

اتوار 15 جنوری 2017 20:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) پیپلزپارٹی قاسم آباد کے سینئر کارکنان لال خان جتوئی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے نوکریاں فروخت کرکے کروڑوں روپے کمائے ہیں جبکہ کارکنوں کے لئے بنائی گئی پلاٹوں کی اسکیم میں بھی بڑے پیمانے پر خوردبرد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ضلع کے سابقہ صدر زاہد بھرگڑی، سابقہ جنرل سیکریٹری جام خان شورو نے حیدرآباد اور قاسم آباد میں پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کرکے ان کی تذلیل کی ، زاہد بھرگڑی اور امان اللہ سیال نے مہران ہاؤسنگ اسکیم کے نام سے ہزاروں کارکنوں سے کروڑوں روپے پلاٹوں کی مد میں لئے اور ان پیسوں سے منافع کمارہے ہیں۔

کچھ عرصے پہلے بلدیاتی الیکشن میں زاہد علی بھرگڑی، جام خان شورو نے حیدرآباد، لطیف آباد کے علاقوں میں پارٹی کی کئی سیٹوں پر ایک بھی امیدوار نہیں لاسکے جس سے مخالف امیدوار بلامقابلہ جیت گئے۔

(جاری ہے)

اس طرح کنٹونمنٹ بورڈ حیدرآباد کے الیکشن میں بھی پارٹی ہار گئی تھی ۔ جبکہ قیام پاکستان سے آج تک کنٹونمنٹ بورڈ حیدرآباد کے الیکشن میں کبھی پیپلزپارٹی شکست سے دوچار نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ جام خان شورو 2005ء کے بلدیاتی انتخابات میں ان کے والد اور چچا نے پیپلزپارٹی کا ٹکٹ واپس کرکے ارباب غلام رحیم کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا تھا آج وہی جام خان شورو صوبائی وزیر بلدیات ہیں۔ وہ پارٹی کارکنوں کو اپنے بنگلے پر سارا سارا دن انتظار کرواکر ان سے ملنا بھی پسند نہیں کرتے۔ 27دسمبر کو بینظیربھٹو کی برسی پر بھی کسی سابقہ عہدیدار یا پارٹی کارکن کو میٹنگ میں نہیں بلوایا گیا اور صرف اپنے زرخیرید ملازم یا بلدیہ کے ملازمین کو مدعو کیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ عبدالجبار خان جوکہ ضلع حیدرآباد کے نائب صدر اور اسپیشل اسسٹنٹ برائے کوآپریٹو سوسائٹی تھے ان کی ہمدردیاں ایم کیوایم کے ساتھ ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں ایم کیویم کے ساتھ ان کا گڑھ جوڑ رہا جس کی وجہ سے پارٹی 27 نشستوں سے محروم رہی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں