حیدرآبادہسپتال سے غائب نوزائیدہ بچے کو تین روز بعد بھی تلاش نہ کیا جاسکا

منگل 24 جنوری 2017 20:46

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) سول ہسپتال حیدرآباد سے غائب ہو نے والے نوزائیدہ بچے کو تین روز بعد بھی تلاش نہ کیا جاسکا ، انتظامیہ نے مریضہ کوہسپتال سے فارغ کردیا ، سول ہسپتال حیدرآباد سے 22جنوری اتوار کو گائنی وارڈ سے گلشن ملاح نامی خاتون کے دو دن کے لڑکے کو نامعلوم خاتون لیکر غائب ہو گئی تھی جس کا تین دن گزرجانے کے باوجود علم نہیں ہو سکا ہے سول ہسپتال اور ایس ایس پی حیدرآباد اس حوالہ سے تحقیقاتی کمیٹیاں بھی تشکیل دے چکے ہیں لیکن کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے سول ہسپتال نے منگل کو زچہ وارڈ سے مسماة گلشن ملاح کو فارغ کردیا ہے جبکہ اسے کے شوہر معشوق ملاح نے مارکیٹ ٹاور تھانہ میں کرائم نمبر15/2017زیر دفعہ363ppcکے تحت نامعلوم مرد اور ایک عورت کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا تھا اور اے ایس پی سرفراز ورک کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی اے اسلم لانگاہ اور ایس ایچ او مارکیٹ منیر عباسی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ سول ہسپتال کے ایم ایس نے ڈاکٹر پیر منظور ، ڈاکٹر علیم قریشی اور ڈاکٹرنعیم ضیاء پر مشتمل سہ رکنی محکمہ جاتی کمیٹی بنادی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں