نواز شریف نیویارک میں نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کیلئے تیار ہیں ،کابینہ رکن کا دعویٰ

جمعرات 3 ستمبر 2015 12:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اکتوبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے اجلاس کے موقع پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کیلئے تیار ہیں تاہم یہ ملاقات بھارتی شرائط پر نہیں ہوگی یہ بات کابینہ کے ایک سینئر رکن اور وزیراعظم کے انتہائی قریبی وزیر نے بتائی رپورٹ کے مطابق مذکورہ وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا یہ اصولی طور پر خیال ہے کہ نریندر مودی کے ساتھ اقوام متحدہ میں ملاقات کرنے میں کوئی قباحت نہیں تاہم پاکستان کی بھارت کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور یہ ملا قات برابری کی بنیاد پر ہوسکتی ہے کابینہ کے رکن کا کہنا تھا کہ اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو وزیراعظم چاہیں گے کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو زیر بحث لایا جائے اس میں صرف بھارتی تجاویز کو ہی موضوع بحث نہیں بنایا جائے گا وزیر کا کہنا تھا کہ فی الحال دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہے تاہم امریکہ میں پاکستان کے کچھ دوست اس سلسلے میں کوشاں ہیں کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان مذاکراتی عمل کا انعقاد کیاجائے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں اگر ایسا ہوجاتا ہے تو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھرپور انداز میں پا کستا ن کا موقف جس میں کشمیر سرفہرست ہوگا بھارتی قیادت کے سامنے رکھیں گے واضح رہے کہ اس سے قبل اوفا میں بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پاکستان میں بھارتی مداخلت سمیت دیگر امور زیر بحث آئے تھے تاہم حال ہی میں بھارت کی جانب سے سیکرٹری خارجہ لیول کے مذاکرات حریت رہنماؤں سے پاکستانی سیکرٹری خارجہ کی مجوزہ ملاقات کے باعث منسوخ کردیئے گئے تھے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں