تحریک پاکستان کے معروف رہنما اور نامور صحافی مولانا ظفر علی خان کی انسٹھویں برسی منائی گئی

جمعہ 27 نومبر 2015 11:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء ) تحریک پاکستان کے معروف رہنما اور نام ور صحافی مولانا ظفر علی خان کی انسٹھویں برسی منائی گئی ۔مولانا ظفر علی خان18 جنوری 1873ء کو سیالکوٹ کے ایک چھوٹے سے گاوٴں کوٹ میرتھ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے علی گڑھ سے گریجویشن کیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب علی گڑھ میں اہل علم کا مجمع تھا۔

سرسید، شبلی، حالی سبھی اس سے وابستہ تھے اس فضا نے ظفر علی خان کے فکری ارتقا میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔1909ء میں مولانا ظفر علی خان وطن واپس لوٹ آئے۔ اسی زمانے میں ان کے والد مولوی سراج الدین احمد نے اپنے وطن کرم آباد سے ایک ہفت روزہ اخبار زمیندار کے نام سے جاری کیا۔والد کی وفات کے بعد مولانا نے زمیندار کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

(جاری ہے)

1911ء میں وہ زمیندار کو لے کر لاہور آگئے۔

یہاں انہیں ایک بہت بڑا ادبی حلقہ میسر آیا اور یہیں سے ظفر علی خان کی ادبی اور صحافیانہ زندگی اپنے نقطہء عروج کو پہنچی۔مولانا ظفر علی خان آزادی تحریر و تقریر کے بہت بڑے مجاہد تھے۔ ان کے اخبار زمیندار کی ضمانت کئی مرتبہ ضبط ہوئی۔کئی مرتبہ اخبار بھی بند ہوا۔ متعدد مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں مگر مولانا کے ثبات قدم میں لغزش نہیں آئی۔ مولانا ظفر علی خان کا انتقال 27 نومبر 1956ء کو کرم آباد (وزیرآباد) میں ہوا اور وہ وہیں آسودہ خاک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں