صدر وفاق مولانا سلیم اللہ خان طویل علالت کے بعد رحلت فرماگئے

دنیا بھر میں ان کے کروڑوں متعلقین اور تلامذہ ومحبین میں غم کی لہر دوڑ گئی

پیر 16 جنوری 2017 11:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء)صدر وفاق شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان طویل علالت کے بعد رحلت فرماگئے،مولانا کی رحلت کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کے کروڑوں متعلقین اور تلامذہ ومحبین میں غم کی لہر دوڑ گئی، جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانامحمد حنیف جالندھری نے صدر وفاق کی رحلت کو عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی رحلت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولاناکی رحلت سے لاکھوں علمائ وطلبہ یتیم ہوگئے،مولاناسلیم اللہ خان جیسی ہستیاں مدتوں بعدجنم لیتی ہیں،ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر رئیس المحدثین شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان طویل علالت کے بعد رحلت فرما گئے آپ جامعہ فاروقیہ کراچی کے موسس ومہتمم تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نصف صدی سے زائد عرصہ حدیث مبارکہ کی تدریس کی سعادت حاصل کی اور لواحقین میں تین بیٹے تین بیٹیاں اور لاکھوں تلامذہ ومتعلقین چھوڑے۔مولانا سلیم اللہ خان کی رحلت کی خبر ملتے ہی دنیا بھر میں ان کے کروڑوں متعلقین اور تلامذہ ومحبین میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی۔مولانا کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے صدر وفاق کی رحلت کو عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان قراردیتے ہوئے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ رئیس المحدثین کی رحلت سے میرے سمیت لاکھوں علمائ وطلبہ یتیم ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان جیسی ہستیاں مدتوں بعد جنم لیتی ہیں،ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا ء کبھی پر نہیں کیا جاسکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں