پنجاب حکومت نوجوانوں کو فنی تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے ‘ضلعی چیئر مین زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق

محکمہ زکوٰة کے زیر اہتمام مختلف شعبوں میں فنی تربیت مکمل کرنیوالے نوجوان اپنے اور اپنے خاندان کیلئے خوشحالی کا پیشہ خیمہ ثابت ہونگے ‘گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نور پور ڈوگراں دورہ کے دوران گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 19:01

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) نوجوانوں کو فنی تعلیم دیئے بغیر ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ناممکن ہے ‘پنجاب حکومت مختلف منصوبوں کے تحت طلباء و طالبات کو نا صرف فنی تربیت فراہم کر رہی ہے بلکہ انہیں خود روز گار کیلئے قرضے اور مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف مختلف شعبوں کیلئے درکار تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آئے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار بھی مہیا ہو گا۔

یہ بات چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نور پور ڈوگراں دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر رانا ثناء اللہ خاں ، ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اشفاق احمد خاں ، پرنسپل چوہدری سرشار احمد ، چوہدری ارسلان صادق ، ضلعی ممبر زکوٰة و عشر میاں نصراللہ ، آڈٹ آفیسر زکوٰة میاں مقصود احمد ،ایڈمیشن آفیسر غلام مصطفی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد صادق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر کے طلباء و طالبات کو فنی تربیت کی فراہمی کیلئے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر اہتمام کمپیوٹر ایپلی کیشن اینڈ آفس پروفیشنل ، کلینکل اسسٹنٹ کورس، ویٹرنری اسسٹنٹ ، ایگری فیلڈ اسسٹنٹ ، پلمبر ، ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈیشنگ ، بیوٹیشن ، الیکٹریکل ، ڈریس میکنگ ، فوڈ کوکنگ اینڈ کچن آرگنائزیشن اور آٹو کیڈ آپریٹر سمیت بہت سارے ٹیکنیکل کورسز کروائے جا رہے ہیں ۔

ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں پڑھنے والے طلباء و طالبات کو مفت کتابیں ، ٹریننگ میٹریل اور 500روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیاجاتا ہے اور 15سے 40سال تک عمر کے طلباء و طالبات ان جدید فنی تربیت کے کورسز میں داخلہ لیکر باعزت روز گار حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوٰة کے زیر اہتمام مختلف شعبوں میں فنی تربیت مکمل کرنیوالے نوجوان طلباء و طالبات نہ صرف خود خوشحال ہونگے بلکہ دیگر افراد کو بھی روزگار فراہم کرنے کا وسیلہ بنیں گے ۔ قبل ازیں انہوںنے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور طلباء و طالبات کو دی جانیوالی فنی تربیت کا جائزہ لیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں