ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت کیو ٹی ڈبلیو ایم اے کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کو فنکشنل کرنے پر منیجر اور اسکی پوری ٹیم کو مبارکباد

ہفتہ 18 فروری 2017 18:10

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز کے ٹی ڈبلیو ایم اے آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں چیئر مین بلدیہ قصور حاجی ایاز احمد خاں ، وائس چیئر مین بلدیہ چوہدری احمد لطیف ،ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر رانا ثناء اللہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات فہیم نسیم ، پراجیکٹ منیجر جہانزیب ٹیپو ،چیف ایگزیکٹو آفیسر بلدیہ رائے محمد منشاء ، صدر ٹی اے حاجی عبدالغفار ، ممبرزمینجمنٹ کمیٹی حاجی مقصود احمد ،حاجی نوید احمد اور دیگر نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے منیجر اور اسکی پوری ٹیم کو ٹریٹمنٹ پلانٹ اور اس سے ملحقہ پمپنگ اسٹیشنز کو فنکشنل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ عرصے سے بند پڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے قصور کی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا لیکن موجودہ انتظامیہ نے اسے فنکشنل کرنے میں دن رات کام کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت اس کے پمپنگ اسٹیشنز پوری طرح اپنی ڈیزائن کپیسٹی کے مطابق چل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے چیئر مین بلدیہ قصور اور ٹینریز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ شہر بھر کی مختلف ٹینریز کو کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر مالی معاملات اچھے طریقے سے سرانجام دیئے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پراجیکٹ منیجر کو ہدایت کی کہ وہ ڈیفالٹرٹینریز کے خلاف متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر بھرپور کاروائی کریں ۔

انہوں نے شرکاء کو اس بات کا یقین دلایا کہ ٹینریز کے معاملات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا ۔میٹنگ میں شریک مینجمنٹ کمیٹی کے ممبرز نے کے ٹی کیو ایم اے میں گہری دلچسپی لینے اور اسکے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا شکریہ ادا کیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں