خیرپور،چیئرمین ضلع کونسل اور ڈپٹی کمشنر نے تین روزہ انسدادپولیومہم کا افتتاح کردیا

اس وقت ضلع میں کوئی بھی پولیو کا کیس نہیں ہے ہماری کوشش ہوگی کہ آٹھوں تعلقوں میں پولیو مہم کو کامیابی کے ساتھ چلایا جائے، شہریاروسان

پیر 16 جنوری 2017 15:08

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) ضلع کونسل خیرپور کے چیئرمین شہریار وسان اور انسداد پولیو ضلعی کمیٹی چیئرمین و ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت نے رورل ہیلتھ سینٹر گاڑھی وری پہنچ کر 16 تا 19 جنوری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین شہریار وسان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ منتخب نمائندے مشترکہ طور پر اس قومی کاز میں کام کریں گے اس وقت ضلع میں کوئی بھی پولیو کا کیس نہیں ہے ہماری کوشش ہوگی کہ ہدف کو حاصل کرتے ہوئے آٹھوں تعلقوں میں پولیو مہم کو کامیابی کے ساتھ چلایا جائے۔

2015 میں ایک کیس یو سی مہر میں ظاہر ہوا تھا وہ بھی ایک بچہ جو ہجرت کرکے آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیم، ضلع انتظامیہ اور چیئرمین وائس چیئرمین مشترکہ طور پر تمام تر اقدامات پر سنجیدگی سے نگرانی کریں گی اور اس مر ض کے خلاف جہاد جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت نے کہا کہ پورے ضلع میں پولیو مہم کو مزید تیز کرنے کے لیے مائیکرو پلان ازسر نو ترتیب دیا گیا ہے انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اے سیز ،ڈبلیو ایچ او اور وہ خود نگرانی کررہے ہیں گزشتہ مہم کے دوران دور افتاد علاقوں کوٹ جبو، نارا اور فیض گنج کے علاقوں میں دورہ کیا گیا اور پولیو ورکرز کو چیک کیا گیا انہوں نے کہا کہ جو بھی پولیو ورکر، ایریا انچارج اور یو سی انچارج کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرے گا اس کو گھر بھیج دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف تعلقوں کا دورہ کیا جائے گا اگر لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا تو ملوث ملازمین کے خلاف بروقت کاروائی کی جائے گی ڈی سی خیرپور نے ایریا انچارجز کو وارننگ دی کہ جو یوسی فیل گئی ان کے تمام ملازمین کو گھر بھیج دیا جائیگا۔

اس سے قبل ضلع کونسل کے چیئرمین شہریار وسان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اس مقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر نثار علی پھلپوٹو اور یو سی انچارجز نے ضلع چیئرمین اور ڈی سی خیرپور کو مہم کے دوران مقررہ ہدف ، مائیکرو پلان ، ٹیموں کے مقامات اور دیگر معاملات پر تفصیل سے بریفنگ دی اس موقع پر اے سی خیرپور سید محمد عباس شاہ ، ڈاکٹر وشنو مل ، ڈاکٹر باقر جتوئی سمیت ڈبلیو ایچ او کے نمائندے موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں