صحت مندماں ہی صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں معاون کردار ادا کر سکتی ہے، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر

بدھ 22 فروری 2017 18:55

خانیوال۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء)ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس خانیوال اور پاپولیشن ویلفیئرٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور کے زیر اہتمام ’’ماں اور بچے کی صحت‘‘ کے عنوان سے ایک ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری مجیب ربّانی نے کہا کہ صحت مندماں ہی ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں معاون کردار ادا کر سکتی ہے، کیونکہ مرد کی تعلیم سے ایک فرد تعلیم یافتہ ہوتا ہے جب کہ عورت کی تعلیم سے پورا گھرانہ تعلیم یافتہ ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہا ہے ۔

اور اس سلسلہ میں مذہبی علماء کرام کو بھی شریک کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرخالدہ شاہدوومن میڈیکل آفیسر انچارج فیملی ہیلتھ کلینک خانیوال نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کیلئے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔مسز عمارہ یوسف انسٹرکٹر پاپولیشن ویلفیئرٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں زچگی کے دوران مائوں کی شرح اموات 276فی لاکھ ہے، بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر ماں کا دودھ پلانا شروع کر دینا چاہیے کیونکہ یہ مکمل غذا ہے اور بچے کے جسم میں بیماریوں سے لڑنے کی طاقت پیدا کرتا ہے چھ ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ پلائیںماں کے دودھ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن پاک میں مائوں کو اپنے بچوں کو دو سال تک دودھ پلانے کا حکم دیا گیا ہے۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں