پاک فوج عظیم ادارہ،اسکی ساکھ فرائض کی ادائیگی اور کردار سے برقرار رکھیں گے،آرمی چیف

آرمی چیف سے جہلم اور کھاریاں کینٹ کے دورہ کے موقع پر فوجی افسران اور جوانوں کے سوالات ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے تفصیلی جوابات دیئے فوجی افسران کا راناثناء اللہ کے فوجی عدالتوں بارے بیان پر برہمی کااظہار ، نیو زگیٹ کی تحقیقات مکمل نہ ہونے کا بھی شکوہ

جمعہ 13 جنوری 2017 13:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی ساکھ فرائض کی ادائیگی اور کردار سے برقرار رکھیں گے،پاک فوج عظیم ادارہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کے روز سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،آرمی چیف نے جہلم اور کھاریاں کینٹ کا بھی دورہ کیا اور جہلم میں پارا رینج میں فائرنگ مقابلوں کا معائنہ کیا،اس موقع پر آرمی چیف نے ضرب عضب میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج ایک عظیم ادارہ ہے،ادارے کی عزت کے لئے ہمیں بے لوث خدمات سرانجام دینا ہوں گی،ہم اپنے کردار اور فرائض کی ادائیگی سے پاک فوج کی ساکھ برقرار رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلوں میں ہماری ٹیمیں اپنا لوہا منوانے کے لئے ملک کی نمائندگی کریں
۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جہلم اور کھاریاں کینٹ کے دورہ کے موقع پر فوجی افسران اور جوانوں نے سوالات کئے جس کے آرمی چیف نے تفصیلی جوابات دیئے ، فوجی افسران اور جوانوں نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی سے متعلق رانا ثناء اللہ خان کے بیانات پربرہمی کا اظہار کیا ایک انگریزی اخبار کی متنازعہ خبر پر بھی سوالات کئے ۔

نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوجی افسران نے منعقدہ تقریب کے دوران آرمی چیف سے کئے گئے سوالات کے دوران فوجی عدالتوں کی کارکردگی سے متعلق رانا ثناء اللہ خان کے بیانات پربرہمی کا اظہار کیا اور ایک انگریزی اخبار کی متنازعہ خبر پر بھی سوالات کئے۔ فوجی افسروں نے سوال کیا کہ متنازعہ خبر کی تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں ‘ افسران نے شکوہ کیا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی ہے۔ آرمی چیف نے تمام سوالات کے تفصیلی جواب دئیے ۔