خضدار ،قلات ،سوراب میں دوسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ،قلات اور لک پاس کے مقامات پر برف باری کی وجہ سے ٹریفک بند

اتوار 15 جنوری 2017 20:00

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) خضدار ،قلات ،سوراب میں دوسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا ،قلات اور لک پاس کے مقامات پر برف باری کی وجہ سے ٹریفک دوسرے روز بھی بند رہی ،لیویز ،ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کو خضدار ،قلات اور مستونگ کے مقامات پر روک دیا ،خضدار میں ڈپٹی کمشنر خضدار کی جانب سے مسافروں میں کھانا تقسیم کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز سے لک پاس ٹنل پر شدید برف باری سے روڈ بلاک ہو گیاہے جبکہ قلات کے مختلف مقامات پر بھی شدید برف باری کی وجہ سے سڑک بلا ک ہے۔ جس کے باعث مستونگ،قلات ،خضدار سمیت اندورن بلوچستان کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیاہے۔ کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قلات اور مستونگ نے مختلف مقامات پر پھنسے مسافروں کومحفوظ مقامات پر رہنے اور سفر کرنے سے روکا جب کہ خضدار میں بھی ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان بلوچ کی جانب سے مسافروں کو راستے کی بندش کی وجہ سے کوئٹہ سفر کرنے کی اجازت نہ دی ان کی جانب سے کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بسوں میں موجود ہزاروں مسافروں کو کھا نا بھی دیا گیا۔

(جاری ہے)

مسافر بسوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ہوٹل مالکان نے ان سے منہ مانگے رقم وصول کی ہے۔ واضح رہے کہ خضدار سے شہداد کوٹ کا زمینی راستہ بمقام ونگو دو دن سے منقطع ہے۔ خضدار میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا جبکہ باغبانہ ،نوغے اور توتک کے پہاڑی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی باغبانہ کے مقام پر گل حسن نامی شخص کے مکان کی چھت بارش کے باعث گرنے سے کمرے میں موجودپینتیس بھیڑ بکریاںمر گئیں۔ دریں اثناء قلات اسکاوٹس کے جوان بھی مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں