کوہاٹ پولیس کو مطلوب مزید پانچ اشتہاریوں سمیت 60مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا

جمعہ 13 جنوری 2017 21:47

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) کوہاٹ پولیس کو مطلوب مزید پانچ اشتہاریوں سمیت 60مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران اسلحہ اور منشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون میں ہزاروںگاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور حکومتی رٹ کے خلاف برسر پیکار مطلوب اشتہاریوں انکے سہولت کاروں ،منشیات فروشوں،قمار بازوںاور سود خوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی جو ہدایات جاری کئے ہیں انہیں ہدایات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کوہاٹ پولیس نے مقامی حدود کے اندر کارروائی کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے ٹھکانوں اور جرائم پیشہ افراد کی کمین گاہوں پر چھاپے مار ے اور تلاشی آپریشن کے دوران عدالتوں سے اشتہاری قرار دئیے گئے مزید پانچ اشتہاری مجرمان اور انکے آٹھ سہولت کاروں سمیت 60مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کی کارروائی میں پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر تین کلاشنکوف،دو ریپیٹر،پانچ رائفل،تین شاٹ گن،نو پستول،سولہ چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس،بارہ کلوگرام چرس،پچاس گرام ہیروئن اور تین بوتل دیسی شراب برآمد کرلئے ہیں۔اسی طرح شہر میں سکیورٹی کیلئے رسک ثابت ہونے والی نان رجسٹرڈ ،بغیر نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران پولیس اور ٹریفک سٹاف کے اہلکاروں نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیوں میںچیکنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دو ہزار گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔

امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر تحویل میں لئے گئے ان گاڑیوں میں سترہ سو سے زائد بغیر نمبر پلیٹ اور نان رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں جبکہ کالے شیشوں کی حامل 217مختلف قسم کی چھوٹی بڑی گاڑیاں شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے بقول مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف پولیس کریک ڈائون میں کافی حد تک کامیابی حاصل کرلی گئی ہے اور دہشتگردی ،قتل و قدام قتل،اغواء برائے تاوان،رہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب درجنوں اشتہاری مجرمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں