کوہاٹ ، رہزنی اور چوریاں کرنے والے کمسن لڑکوں کا مسلح گروہ گرفتار

منگل 17 جنوری 2017 20:22

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء)کوہاٹ شہر میں رہزنی اور چوریاں کرنے والے کمسن لڑکوں کا مسلح گروہ گرفتار کرلیا گیاہے۔پولیس نے گرفتار گینگ کے افراد سے لوٹا ہوا مال اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔زیر حراست ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش نے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہیدانسپکٹرامجد حسین اور انوسٹی گیشن آفیسر گل رازیم کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 5جنوری کی رات کو گائوں بمہ کے رہائشی لقمان خان کو گھر جاتے ہوئے نامعلوم رہزنوں نے رہزنی کی واردات کے دوران شاہ پور روڈ پر سعود پارک کے قریب راستہ روک کر اسلحہ کی نوک پر نقدی ،موٹر سائیکل اور موبائل فون سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ واقعہ کی اطلاع پر تھانہ محمد ریاض شہید پولیس نے متاثرہ شخص لقمان خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ڈی ایس پی کے مطابق رہزنی کی واردات کا کھوج لگانے کیلئے ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال نے انکی سربراہی میں خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دیدی جس نے شبانہ روز کوشش کے بعد رہزنی کی اس واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگاتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران انہیں گرفتار کرلیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے زیر حراست کمسن رہزنوں میںاشفاق ولد جہانزیب سکنہ میاں گان کالونی،عبدالوہاب ولد عبدالمجید سکنہ محمد زئی اور امجد خان ولد صورت خان سکنہ ڈھل بہزادی شامل ہیں ۔ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے مدعی مقدمہ کا موٹر سائیکل ،لوٹی ہوئی سات ہزار روپے کی نقدی اور موبائل فون سیٹ برآمد کرلیا جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک ریپیٹر،دو پستول اور درجنوں کارتوس بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو رہزنی کے اس مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش راہزنی کی اس واردات سمیت چوری اور رہزنی کی دیگر وارداتوں کا بھی اعتراف جرم کرلیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں