کوہاٹ ،غیرت کے نام پر این جی او کی ملازمہ خاتون کے قتل کیس میں اہم پیش رفت

ماسٹر مائنڈ اور پولیس اہلکار سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ،مرکزی ملزم سمیت چار ملزمان کی تلاش جاری ہے، ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود کی پریس کانفرنس

منگل 21 فروری 2017 08:53

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء ) کوہاٹ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل ہونے والی این جی او میں ملازمت کرنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون حناء شاہنواز کے قتل میں اہم پیش رفت ہو گئی قتل میں ملوث ماسٹر مائنڈ اور پولیس اہلکار سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ہے جبکہ باقی مرکزی ملزم سمیت چار ملزمان کی تلاش جاری ہے تمام ملزمان حناء کے رشتہ دار ہیں خاندانی جرگہ میں حناء کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا یہ باتیں ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود نے پریس کانفرنس کے دوران کہیں اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن ثناء اللہ مروت ‘ڈی ایس پی سٹی محمد رضا‘ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد رشید خان اور ایس ایچ او استرزئی افضل خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس پی آپریشنز طارق محمود نے کہا کہ 6 فروری 2017 ء کو مقتولہ حناء شاہنواز کے خاندان کے افراد محبوب عالم ولد شاہ عالم‘ عماد عالم ولد شاہ عالم‘ شاہ عالم ولد اصغر علی‘ ریاض علی ولد نادر علی ‘ذوالفقار علی عرف بھٹو ولد نادر علی ‘مثہم علی ولد ریاض علی ‘معظم علی ولد اصغر علی اور مہران علی ولد ریاض علی ساکنان استرزئی پایان نے مقتولہ حنا ء شاہنواز کے گھر واقع استرزئی آکراسے گھر کے تہہ خانے میں لے گئے اور اسے کہا کہ آپ یہ این جی او کی نوکری چھوڑ دیں کیونکہ آپ کی نوکری سے ہماری بدنامی ہورہی ہے جس پر حناء شاہنواز نے کہا کہ میں نوکری نہیں چھوڑوں گی اورجلد بیرون ملک چلی جاؤں گی کیونکہ میں اپنے خاندان کی کفالت کررہی ہوں جس پر دیگر خاندان کے افراد کی ایماء پر ملزم محبوب عالم ولد شاہ عالم نے پستول نکال کر حناء شاہین پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی بعدازاں مقتولہ کی بہن مسماة فرحین کو خاندان والوں نے ڈرایا دھمکایا کہ تم رپورٹ نہیں کروگی بعدازاں مقتولہ کی بہن نے صرف ایک ملزم محبوب عالم ولد شاہ عالم کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی تاہم واقعہ کا میڈیا پر آنے سے آئی جی پی خیبرپختونخوا ناصر درانی نے ڈی آئی جی کوھاٹ اول خان اور ڈی پی او کوھاٹ جاوید اقبال کوملزمان کی جلدازجلد گرفتاری کے احکامات دیئے جس پر ڈی پی او کوھاٹ نے ایس پی انوسٹی گیشن ثناء اللہ مروت کی قیادت میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد رشید خان‘ ڈی ایس پی سٹی محمد رضا ‘ایچ او تھانہ استرزئی افضل خان پرمشتمل پارٹی تشکیل دی جنہوں نے شبانہ روز کوششوں سے ایک اہم ملزم ذوالفقار علی عرف بھٹو کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا اس طرح دیگر تین ملزمان شاہ عالم ‘ ریاض علی اور مہثم علی کو کوھاٹ کی مختلف علاقوں سے گرفتار کیاگیا اس پی آپریشنز طارق محمود نے بتایا کہ مہثم علی کوھاٹ پولیس کامعطل سپاہی ہے جس پر اس سے قبل ریٹائرڈ کیپٹن کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہوا تھا جبکہ دیگر ملزمان بھی مختلف نوعیت کے مقدمات میں ملوث ہیں انہوں نے بتایا کہ دیگر چار ملزمان کی گرفتاری عنقریب متوقع ہے جو جلدقانون کی گرفت میں ہونگے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حناء کی بہن فرحین کو پولیس کی جانب سے مکمل تحفظ دیا گیا ہے۔