کارکنوں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کرینگے ،کوئی بھی حکومتی زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی،بیرسٹر سلطان محمود

آزاد کشمیر حکومت کو دئیے گئے چھ ماہ پورے ہوچکے ، اگر حکومت کا یہی حال رہا تو عوامی رابطہ مہم شروع کرکے بیڈ گورننس کو عوام کے سامنے بے نقاب کرکے احتساب شروع کریں گے ،صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 23 جنوری 2017 16:26

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپنے کارکنوں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کریں گے اور کوئی بھی حکومتی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔آزاد کشمیر حکومت کو دئیے گئے چھ ماہ پورے ہوچکے ہیں اوراگر حکومت کا یہی حال رہا تو عوامی رابطہ مہم شروع کرکے حکومت کی بیڈ گورننس کو عوام کے سامنے بے نقاب کرکے حکومت کا احتساب شروع کریں گے اور عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا حساب لیں گے۔

اگرچہ اب پانامہ لیکس کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر ودنوں کی حکومتیں اب جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ایک وقت تھا کہ فاروق حیدرایک شخص کے خلاف احتساب کا ڈھنڈورہ پیٹتے رہے ہیں جبکہ آج وہ خود ملی بھگت سے انکا ساتھ دے رہے ہیں جبکہ کشمیر کونسل کے الیکشن میں پی ٹی آئی اتحاد کے سات ممبران تھے اسی طرح پیپلز پارٹی کی ایک خاتون کوخواتین کی سیٹ پر ممبر منتخب کرایا گیا ۔

(جاری ہے)

جس سے دونوں پارٹیوں کی ملی بھگت کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں کوٹلی میں سابق صدر کوٹلی بار ایسوسی ایشن حنیف ایڈووکیٹ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق مشیر چوہدری اخلاق، ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، ڈاکٹر عنصر ابدالی، چوہدری منیر آف چڑہوئی، چوہدری اکرم چٹھہ ایڈووکیٹ، چوہدری نصیر ایڈووکیٹ، ساجد چوہدری ایڈووکیٹ، چوہدری رزاق ایڈووکیٹ، صدر پی ٹی آئی کشمیر حلقہ چڑہوئی گلریز انصاری، رتاسب بھٹی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

بعد ازاں حاجی شاہد نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں ایک ظہرانہ بھی دیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت سب سے بڑی عوامی جماعت بن چکی ہے۔عمران خان کا موقف درست ثابت ہو رہا ہے اور اب مسلم لیگ ن کی حکومت کا جانا ٹہر گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ میں جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہوں وہاں پر آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے بھی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہوں اور عوام کو انکے حقوق دلوا کر دم لوں گا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پانامہ لیکس کے باعث پاکستان اور آزاد کشمیر میں حکومتیں مجھے جاتی نظر آرہی ہیں۔لہذا کارکن اب کمر کس لیں اور الیکشن کی تیاریاں کریں۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں