مارکیٹ میں یوریا نہ ہونے کی وجہ سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں، تاجر برادری

کرم ایجنسی کے لوگ انتہائی پر امن اور حب الوطنی میں بے مثال ہیں، ٹریڈرز اور کسانوں کو نقصان سے بچنے کیلئے کرم ایجنسی یوریا لانے کی اجازت دی جائے، پریس کانفرنس

ہفتہ 18 فروری 2017 19:44

پاراچنار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) کرم ایجنسی کے تاجر برادری کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یوریا نہ ہونے کی وجہ سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور ٹریڈرز کا کاروبار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی کروڑوں اربوں روپے نقصان کا سامنا ہے۔پاراچنار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز یونین کے صدر حاجی کمال حسین ، حاجی روف حسین ، انجنئیر وزیر علی ، حاجی لائق حسین ، نور زمان ، مصائب حسین اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ مارکیٹ میں یوریا نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے اور ٹریڈرز کا کاروبار بھی شدید طور متاثر ہوگیا ہے اگر چند روز میں یوریا نہ ملا تو نہ صرف انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا بلکہ کسانوں کو بھی کروڑوں اربوں روپے نقصان ہوگا کیونکہ گذشتہ سال بھی یوریا نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کی پیداوار نہ ہونے کی برابر رہی۔

(جاری ہے)

رہنماوں کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی کے لوگ انتہائی پر امن لوگ ہیں اور حب الوطنی میں بے مثال ہیں اس لئے ٹریڈرز اور کسانوں کو نقصان سے بچنے کیلئے کرم ایجنسی یوریا لانے کی اجازت دی جائے ۔ اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ شاہد علی خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یوریا کے مسلے سے اعلی حکام کو آگاہ کیا گیا ہے اور مسلے کے حل کیلئے مختلف اقدامات زیر غور ہے۔

دوسری جانب کرم ایجنسی کے کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بروقت یوریا نہ ملا تو گذشتہ سال کی طرح امسال بھی ان کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ کرم ایجنسی کے علاقے احمد زئی سے تعلق رکھنے والے کسان ملک محمد علی طوری نے میڈیا کو بتایا کہ بیس جیرب زمین سے وہ 240 من گندم حاصل کرتے تھے یوریا کی بندش کے باعث پیداوار صرف 60 من تک پہنچ گیا ہے جو کہ ان کے گھر کی ضرورت کیلئے بھی کافی نہیں۔ کسانوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ان کی فصلوں کو تباہ ہونے اور انہیں فاقوں سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں