ہنر مند نوجوان ملک میں بیروز گاری اور غربت کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ‘ عرفان قیصر شیخ

منگل 24 جنوری 2017 12:29

ہنر مند نوجوان ملک میں بیروز گاری اور غربت کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ‘ عرفان قیصر شیخ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصرشیخ نے کہا ہے کہ ہنر مند نوجوان ملک میں بیروز گاری اور غربت کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق ٹیوٹا صوبہ بھر میں ملکی و بین الاقوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختصر دورانیہ کے جدید کورسز کامیابی سے متعارف کروا چکی ہے تاکہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوان جدیدکورسز میں تربیت حاصل کرنے کے بعد فوری روزگار کے یقینی مواقع حاصل کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی اورٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، مقصود احمد، رائو راشد، عظمی نادیہ،سرفراز انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پاکستان اور خصوصا مشرق وسطی کے ممالک کو ہاسپیٹیلیٹی سیکٹر کیلئے ماہر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔

ٹیوٹا بین الاقوامی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کوان کورسز میں تربیت فراہم کررہی ہے۔ٹیوٹا کاپلیسمنٹ سیل تربیت یافتہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کر رہا ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا اداروں میں جدید کورسز میں فری داخلے کیلئے افراد کا انتخاب ،تجربہ کار اساتذہ کی خدمات کے علاوہ تربیتی کورسز سے متعلقہ جدیدمشینری، آلات، فرنیچروغیر ہ بھی فراہم کیا گیا ہے ۔

دوران تربیت نوجوانوں کو ٹیوٹا کی جانب سے وظیفہ بھی دیا جاتاہے۔ تربیتی سرگرمیوں کاجائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ٹیوٹا ان کورسز میں ٹریننگ کے دوران تمام اخراجات برداشت کرتی ہے۔ کامیاب امیدواروں کو پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سرٹیفکیٹ فراہم کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں