شاہین چوک فلائی اوور کی تعمیر کا 85فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 11 جنوری 2017 23:23

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)شاہین چوک فلائی اوور کی تعمیر کا 85فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، 82کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہونیوالا منصوبہ رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے موقع پر کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا ، این ایچ اے اور کنٹریکٹر کمپنی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ تقریبا ایک کلو میٹر طویل پل کی تعمیر کا کام رواں مالی سال میں شروع کیا گیا تھا جس کی تکمیل کی مدت 28فروری مقرر کی گئی تھی تاہم وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گے جس کے نتیجہ میں پراجیکٹ مقررہ وقت سے چار ہفتے قبل مکمل ہونے کی توقع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ شاہین چوک فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 136پائلیں اور 128گارڈر استعمال ہوئے ہیں جن کا زیادہ سے زیادہ فاصلہ 25فٹ تک ہے اور پل کی تعمیر کے بعد اس پر کارپٹ روڈ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ساٹھ فٹ چوڑے شاہین چوک فلائی اوور پر دونوں جانب ڈبل لین میں گاڑیاں گذر سکتی ہیں جبکہ اس پر روشنی کا انتظام کرنے کیلئے لائٹس بھی لگائی جائیں گی ، انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ واپڈا کنکشن کے حصول کے لئے فوری کاروائی کا آغاز کیا جائے۔

انہوںنے ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ شاہین چوک فلائی اوور کیطرح کارپٹ روڈ کی تعمیر اور دونوں اطراف سروس روڈز کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جائے اور اعلی کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ اس سے قبل این ایچ اے کے افسران اور کنٹریکٹر سارکو کے نمائندگان نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں