پنجاب میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122سے رجسٹریشن کا آغاز

جمعرات 12 جنوری 2017 20:12

لالہ موسیٰ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تمام سرکاری اور پرائیویٹ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122سے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، 30دن کے اندر تمام سرکاری وپرائیویٹ ایمبولینسوںکی رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا، رجسٹریشن نہ کرانے والوںکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوآرڈنیشن نواز گوندل، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر، ڈی او ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید، ڈاکٹر زاہد تنویر ،انچارج ایدھی سنٹر الیاس بٹ، الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری راجہ ساجد شریف اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122کے ساتھ رجسٹریشن کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورت حال میں بہتر رسپانس کے لئے ڈیٹا بیس تیار کرنا نیز سرکاری اور پرائیویٹ ایمبولینسوں کا غلط استعمال روکنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ صرف وہی ایمبولینس ریسکیو1122کے ساتھ رجسٹرڈ کی جائے گی جس کے پاس موٹر وہیکل ایگزامنیر کا جاری کردہ فٹنس سرٹیفکیٹ ہوگا، فٹنس نہ رکھنے والی ایمبولینسوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی اور نہ ہی انہیں روڈ پر لانے کی اجازت دی جائے گی ۔

انہوںنے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق محکمہ صحت کی تمام ایمبولینس بہت جلد ریسکیو1122کے کنٹرول میں دے دی جائیں گی ، ان ایمبولینسوں کو ایمرجنسی میں مریضوں کی ایک سے دوسرے ہسپتال منتقلی کیلئے استعمال کیا جائے گا جبکہ انکے ڈرائیورز و عملہ بھی ریسکیو 1122افسران کی کمانڈ میں کام کریں گے۔ انہوںنے بتایا کہ سرکاری ایمبولینسوں کا غلط استعمال روکنے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے ٹریکنگ سسٹم بھی لگایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈی او ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر کو ہدایت کی کہ سو فیصد ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے اسی طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی مدد حاصل کرکے ضلع میں رجسٹرڈ تمام ایمبولینسوں کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں