سرکاری و پرائیویٹ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122سے رجسٹریشن شروع کردی گئی

جمعہ 13 جنوری 2017 23:27

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء)حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تمام سرکاری اور پرائیویٹ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122سے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، 30دن کے اندر تمام سرکاری وپرائیویٹ ایمبولینسوںکی رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا جبکہ رجسٹریشن نہ کرانے والوںکیخلاف کارروائی کی جائے گی، ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوآرڈنیشن نواز گوندل، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر، ڈی او ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید، ڈاکٹر زاہد تنویر ،انچارج ایدھی سنٹر الیاس بٹ، الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری راجہ ساجد شریف اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122کے ساتھ رجسٹریشن کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورت میں بہتر رسپانس کیلئے ڈیٹا بیس تیار کرنا نیز سرکاری اور پرائیویٹ ایمبولینسوں کا غلط استعمال روکنا ہے، انہوںنے بتایا کہ صرف وہی ایمبولینس ریسکیو1122کے ساتھ رجسٹرڈ کی جائے گی جس کے پاس موٹر وہیکل ایگزامنیر کا جاری کردہ فٹنس سرٹیفکیٹ ہوگا جبکہ فٹنس نہ رکھنے والی ایمبولینسوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی اور نہ ہی انہیں روڈ پر لانے کی اجازت دی جائے گی ، انہوںنے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق محکمہ صحت کی تمام ایمبولینس بہت جلد ریسکیو1122کے کنٹرول میں دے دی جائیں گی ، ان ایمبولینسوں کو ایمرجنسی میں مریضوں کی ایک سے دوسرے ہسپتال منتقلی کیلئے استعمال کیا جائے گا جبکہ ان کے ڈرائیورز و عملہ بھی ریسکیو 1122افسران کی کمانڈ میں کام کریں گے، انہوںنے بتایا کہ سرکاری ایمبولینسوں کا غلط استعمال روکنے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے ٹریکنگ سسٹم بھی لگایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے ڈی او ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر کو ہدایت کی کہ سو فیصد ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے اورایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی مدد حاصل کرکے ضلع میں رجسٹرڈ تمام ایمبولینسوں کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جائے۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں