جامعہ گجرات کا بزنس انکوبیشن سنٹر طلبہ میں عملی رُجحان سازی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے، احسن اقبال

منگل 21 فروری 2017 22:07

لا لہ موسیٰ ۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ طلبہ کی تخلیقی و عملی صلاحیتوں کو نکھارنا ایک عظیم قومی خدمت ہے، جامعہ گجرات کا بزنس انکوبیشن سنٹر اپنی تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں عملی رُجحان سازی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے، علمی معیشت پر استوار ترقی ٴ جدیدکے دورِحاضر میں انسانی صلاحیتوں کی پیشہ وارانہ تربیت ہمارا اصل مقصود و منزل ہے، پاکستان کے نوجوان طلبہ کی موجودہ نسل صلاحیتوں سے بھرپور ہے، ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت عطا کرتے ہوئے ہم قومی اہداف کو باآسانی حاصل کر سکتے ہیں، پروفیسر احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار جامعہ گجرات کے بزنس انکوبیشن سنٹر کے زیر اہتمام مقابلہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والی طلبہ انکوبیشن ٹیموں کو انعامات سے نوازتے ہوئے کیا، یاد رہے کہ بزنس انکوبیشن سنٹر جامعہ گجرات کے طلبہ میں عملی صلاحیتوں کے استعمال کو پروان چڑھاتے ہوئے ہر سال تمام شعبہ جات کے طلبہ کو اپنے اختراعی و تخلیقی نوعیت کے منصوبہ جات پیش کرتے ہوئے کُھلے مقابلہ کا انعقاد کرنے کے بعد15منتخب ٹیموں کو بزنس کو پروان چڑھانے کے لیے مالی معاونت و مشاورت مہیا کرتا ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی اجتماعی ترقی کی جانب راغب کرنا جامعہ گجرات کی علمی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے، ہم اپنے طلبہ و اساتذہ میں تحقیق و جذبہ کو فروغ دے کر انکی علمی تحقیق کے نتائج کو ملکی صنعت کے لیے بار آور بنانا چاہتے ہیں، BICجامعہ گجرات اسی سلسلہ میں ایک کامیاب تجربہ ثابت ہواہے ، ایکسپرٹ BICمحمد حیدر معراج نے بتایا کہ گذشتہ سالBICکی طلبہ انکوبیشن ٹیموں نے مجموعی طور پر35لاکھ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، امسال منتخب شدہ ٹیمیںبھی جوش وجذبہ سے بھرپور باصلاحیت طلبہ پر مشتمل ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ مناسب راہنمائی کے ذریعے یہ تمام ٹیمیں عملی زندگی میں ملکی معیشت کامضبوط سہارا ثابت ہو نگی، پروفیسر احسن اقبال نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جامعہ گجرات کے BICکی پہلی تین ٹیموں کو اپنے بزنس کا آغاز کرنے کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے جتنی رقم مہیا کی جائے گی وفاقی حکومت کی جانب سے بھی ان ٹیموں کو اس رقم کے برابر اعزازی سرمایہ مہیا کرتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی جائے گی، بعد ازاں پروفیسر احسن اقبال نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے ہمراہ بزنس انکوبیشن سنٹر کی طلبہ ٹیموں کے پیش کردہ پراجیکٹس کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے تخلیقی و اختراعی منصوبہ جات کی ستائش کی۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں