ڈی آئی خان میں ہمارے خلاف ن لیگ اور پی پی ایک ہوگئے، فضل الرحمان

پیر 6 مئی 2013 19:51

مانسہرہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6مئی۔2013ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں جو ان کے خلاف مل کر الیکشن لڑرہی ہیں، ن لیگ کے ن میں نقطہ نہیں ہے۔ مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مالاکنڈ سے کراچی تک خون کا دریا بہہ رہا ہے، اسلام کے نام پر بنائے گئے ملک کا 65 سالوں میں شیرازہ بکھر گیاہے، قوم کو فرقہ واریت کا سانپ ڈس رہا ہے، ہم الگ الگ قومیتوں میں بٹ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی پر اپنا نظریہ نافذ نہیں کرسکتے، لیکن بھائی چارہ تو پیدا کرسکتے ہیں، فرقہ واریت کا سانپ ڈس رہا ہے، ہمیں احساس تک نہیں کہ اس کا انجام کیا ہوگا۔جے یوآئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا ملک قرض میں ڈوبا ہوا ہے، پھربھی ملکی وسائل کا استعمال نہیں کیا جارہا، اگر ملکی وسائل کو استعمال میں لایا جاتا تو پاکستان خطے کا ٹائیگر بن جاتا، بیرونی طاقتوں نے اپنے مفادات کیلئے آج پاکستانی قوم کے ایک ایک بچے کو گروی رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیاکہ جے یو آئی ف جیسا منشور کسی کے پاس نہیں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی شہروں میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن مل کر ان کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں، پیپلز پارٹی سرمایہ دار جماعت ہے اور ن لیگ میں ن بے وقعت ہے اس میں ن کا نقطہ ہی نہیں۔ مولا نا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی سیاست کا مقصد پسماندہ طبقوں کے حقوق کا تحفظ کرنا اور آنے والی نئی نسلوں کوبہترین مستقبل دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں