ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت مردم شماری سے متعلق اجلاس

بدھ 18 جنوری 2017 22:56

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ معاشرے میں پلاننگ اور بجٹ آبادی کی بنیاد پر بنائی جاتی ہے اگر ہمیں یہ پتہ نہیں ہوگا کہ ہمارے ملک کی آبادی کتنی ہے تو اس کے لئے پلاننگ کرنا مشکل ہوگا۔ اپنے دفتر میں مردم شماری کے متعلق طلب کئے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مردم شماری اور گھر شماری میں بھرپور حصہ لینا چاہیے کیونکہ یہ قومی کاز ہے اس سلسلے میں نادرا سے بھی مدد لی جائے گی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر نادرا لاڑکانہ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ لاڑکانہ ضلع کے لئے مزید دو رجسٹریشن موبائل وینز حاصل کئے جائیں گے تاکہ ضلع کے اندر جن لوگوں کے قومی شناختی کارڈ نہیں ہیں انہیں بنوا کر دیں۔

(جاری ہے)

نادار کو یوسی وائز، ولیج وائز اور ایریا وائز قومی شناختی کارڈ کا ڈیٹا مہیا کرنا چاہیے۔ مردم شماری کے حوالے سے یوسی سطح پر بلدیاتی نمائندوں سے بھی مدد حاصل کی جائے گی اور اس مرحلے کے دوران یوسی سیکریٹریز کی بھی خدمات حاصل کئے جائیں گے جبکہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ریڈیو، میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات فراہم کی جائے گی تاکہ عوام مردم شماری میں بھرپور حصہ لے سکیں اس کے لئے تمام مکتبہ فکر کے لوگ ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنر مردم شماری اور گھر شماری کے تمام عمل کو شفاف بنانے کے لئے مانیٹرنگ کریں گے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفیس لاڑکانہ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کے ٹیلیفون نمبر 337-0749410241 ہے۔ مردم شماری کے دوران کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے دیئے گئے نمبرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر مردم شماری لاڑکانہ کے انچارج شعور احمد نے اجلاس کو بتایا کہ فیلڈ اسٹاف کو تعینات کرکے انہیں فروری 2017ء میں ٹریننگ دی جائے گی۔

لاڑکانہ ڈویزن سے تعلق رکھنے والے ماسٹر ٹریننرز کو بھی ٹریننگ 24 سے 27 جنوری 2017ء تک پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ، سکھر اور نواب شاہ ڈویزن میں مردم شماری اور گھر شماری کا آغاز 15 مارچ سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بلاک 200 گھر سے 250 گھروں تک مشتمل ہوگا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد حسن خاصخیلی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو امیر علی میرانی، لاڑکانہ، رتوڈیرو، ڈوکری اور باقرانی کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین خان محمد سانگھرو، میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ محمد اسلم شیخ، محکمہ تعلیم، پولیس سمیت مختلف محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں