لاڑکانہ،بوائز پرائمری سکول میں 80 سے زائد طلبہ و طالبات کو تعلیم دینے کیلئے صرف ایک ٹیچر مقرر

نائب قاصد کی تنخواہ گذشتہ 6 ماہ سے بند، اضافی اساتذہ مقرر نہ ہونے اور نائب قاصد کی غیر حاضری کے باعث اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر

منگل 24 جنوری 2017 19:09

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2017ء) لاڑکانہ میں محکمہ تعلیم کی عدم توجہ کے باعث بوائز پرائمری اسکول میں 80 سے زائد طلبہ و طالبات کو تعلیم دینے کے لیے صرف ایک ٹیچر مقرر، نائب قاصد کی تنخواہ گذشتہ 6 ماہ سے بند، اضافی اساتذہ مقرر نہ ہونے اور نائب قاصد کی غیر حاضری کے باعث اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر، حکومت سندھ، محکمہ تعلیم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے معاملے پر خاموشی اختیار کرلی۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے تحصیل ڈوکری کے علاقے بگی میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول ڈینگرو میں گذشتہ کئی سالوں سے صرف ایک ٹیچر کو مقرر کیا گیا ہے جو ایک جماعت سے لے کر پانچویں جماعت تک کے 80 سے زائد طلبہ و طالبات کو ایک ہی کلاس روم میں بیٹھ کر تعلیم دینے پر مجبور ہے جبکہ نائب قاصد اور صفائی کا علمہ مقرر نہ ہونے کے باعث اسکول میں گندگی اور بدانتظامی بھی عروج پر ہے، بچوں کو تعلیم دینے والے ٹیچر کی جانب سے کئی مرتبہ تحریری طور پر محکمہ تعلیم لاڑکانہ کے بالا افسران کو شکایت کرچکے لیکن تاحال اساتذہ کی مقرری نہ ہوسکی ہے جس کے باعث طلبہ و طالبات کی حاضری آئے روز بڑھنے سمیت اسکول کئی مسائل کا شکار ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

80 سے زائد طلبہ و طالبات کو تعلیم دینے والے ٹیچر عبداللہ جونیجو نے بتایا کہ اسکول کے قیام سے اس وقت تک اس اسکول کے حلقہ سے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے کی جانب سے نظرانداز کیا گیا ہے، اسکول میں اس وقت 80 سے زائد طلبہ و طالبات پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کررہے ہیں جن کے لیے صرف ایک ٹیچر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسکول میں پانچ اساتذہ کی تعینات بھی ضروری ہے تاکہ ہر کلاس کے بچے اپنے کلاس میں بہتر تعلیم حاصل کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول کے دو کلاس رومز ہے جبکہ تعمیراتی کام بھی محکمہ تعلیم کی عدم توجہ کے باعث تاحال مکمل نہیں کیا گیا ہے اور اسکول میں مقرر نائب قاصد جو پہلے ڈیوٹی پر آتا تھا جس کی تنخواہ گذشتہ 6 ماہ سے بند ہے اس عمل سے اسکول میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں لیکن محکمہ تعلیم کی جانب سے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول ڈینگرو کے طلبہ و طالبات نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ تعلیم کے صوبائی وزیر جام مہتاب ڈہر سمیت دیگر حکام سے اپیل کی کہ اسکول میں اضافی اساتذہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی کلاس روز تعمیر کیے جائیں تاکہ ہم اپنی تعلیم بہتر طریقے سے حاصل کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں