زائد نرخ وصول کرنے والے فرٹیلائزر ڈیلرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 جنوری 2017 17:59

لیہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکاروں کو سبسڈائز نرخوں پرکھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔کسانوں کااستحصال ہرگزنہیں ہونے دیاجائے گا۔ زائد نرخ وصول کرنے والے فرٹیلائزر ڈیلرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں کسی سے رعایت نہ برتی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگری کلچر چوہدری غلام رسول، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر شیخ داور،ڈی ایس پی لیگل محمد اصغر اولکھ ،ڈسٹرکٹ آفیسرواٹرمنیجمنٹ رشیدخان چنگوانی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت سیدعابد حسین شاہ،کھاد ڈیلرزاور کاشتکارو ں کے نمائندہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں اور کاشت کاروں کی سبسڈی پر نامیاتی مادوں کی فراہمی بحال ہوگئی ہے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کھاد ڈیلرز شاپ کا معائنہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف فوری کارروائی کی جاے اور ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ دکانیں سیل کردی جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع لیہ میں کھاد سبسڈی نرخ پر فراہم کی جارہی ہے۔جس کے مطابق ڈی اے پی کی فی بوری 2400روپے جبکہ یوریا فی بوری 1400روپے میں دستیاب ہے۔اجلاس میں بتایا گیا حکومت پنجاب کی کسان کارڈ سکیم کے تحت 6ہزار 287کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر متعلقہ بنک کے حکام کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ ہونے والے کاشکاروں کو قرضہ جات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور اس سلسلہ میں کوئی غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہ کی جائے تاکہ کاشتکار حکومت پنجاب کی اس سکیم سے بروقت استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ و ہ خود اور محکمہ زراعت کے افسران اس سلسلہ میںسہولت سنٹرز کا دورہ کر کے کاشت کاروں اور کسانوں سے دریافت کریں گے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسان پیکج کے تحت قرضہ جات کی فراہمی میں غیر ضروری رکاوٹ بننے والے متعلقہ اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لیہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں