حکومت شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام کررہی ہے، چوہدری اشفاق

پیر 13 فروری 2017 21:39

لیہ ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء)حکومت پنجاب شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام کررہی ہے ،اس سلسلہ میں ضلع لیہ کی 48یونین کونسلوں کے 726دیہات میں ٹائلٹ بلاکس کی تعمیر کیلئے واش پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ واش کوآرڈی نیشن کمیٹی بھر پور کام کررہی ہے ،یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت واش پروگرام کے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہی، اس موقع پرچیئرمین ایم سی حافظ محمد جمیل ،نیشنل پروگرام مینجرعاصم سلیم ،پراجیکٹس مینجرحسنین کاظمی ،سید فرخ رضا،واحدبخش باروی ،کونسلرز ،یونین کونسلر کے چیئرمین ،سرکاری افسران ،ممبران سول سائٹی و شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ کوآرڈی نیٹر محمد رضا خان وسید فرخ رضا نے واش پروگرام کے تحت ضلع لیہ کی مختلف یونین کونسلوں میں او ڈی ایف فری ماحول کیلئے جاری پروگرامز پر کام کی رفتار و آگاہی مہم کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس پراجیکٹس کے تحت ضلع لیہ کی 9یونین کونسلوں بستی شادو خان ،رفیق آباد،خیرے والہ،اولکھ تھل کلاں ،جمال چھپری،گرئے والا،واڑں سہیڑاں ،90ایم ایل اور وسامٹیہ میں ٹریننگ ،سوشل سروے کے بعد ویلج ڈویلپمنٹ کمیٹیوں نے لوگوں کو اپنی مدد آپ کے تحت لیٹرین کی تعمیر واستعمال کے ترغیب وفوائد ،بیماریوں سے محفوظ رہنا اورپولیو سے بچائوکے بارے میں بتایا ، ان یونین کونسلوں کے اندر 274سکول واش کلب قائم کرکے منتخب یونین کونسلرز کے ذریعے آگاہی کے نتیجہ میں اب صرف 29فی صد آبادی کیلئے لیٹرینوں کی فراہمی کا کام ضلع بھر میں باقی ہے اور ریکنگ کے لحاظ سے او ڈی ایف فری اضلا ع فہرست میں پنجاب میں ضلع لیہ 11ویں نمبر پر ہے، اس پراجیکٹس کے اگلے مرحلے میں ہر گائوں میں سو فی صد لیٹرین تعمیر ہو جائیں گی تو انہیں او ڈی ایف پراسیس میں ڈیکلیئرکروایا جائے گا،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم سی حافظ محمد جمیل نے کہا کہ لیہ سٹی میں صحت وصفائی اور بہتر ماحول کیلئے میونسپل کمیٹی معیار ی اقدامات عمل میں لارہی ہے۔

لیہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں