تعلیمی اداروں،مزارات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کے نظرثانی شدہ پلان کی منظوری

ہفتہ 18 فروری 2017 22:59

منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے تعلیمی اداروں،مزارات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کے نظرثانی شدہ پلان کی منظوری دے دی۔تفصیلات کیمطابق ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نرگس شازیہ چودھری، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس گشت میں اضافہ کیا اور کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔رجسٹریشن کے بغیر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی انتظامات میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پی بڑے سکولوں اور کالجوں کے دورے کرکے طے شدہ اقدامات یقینی بنائیں۔

دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے قومی یکجہتی کے جذبے کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد اور غیر قانونی افغان باشندوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے۔ ڈی پی او عمر سلامت نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کے بڑے مزاروں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ مشکوک عناصر کے خلاف یومیہ بنیادوں پر کارروائی کی جارہی ہے اور درجنوں ملزموں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او حضرات ریکارڈ یافتہ افراد کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں۔ پیشگی اقدامات کرکے کسی سانحے کے خطرات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں