بلند وبانگ دعوئوں سے عوام کو بیوقوف بنانے کاوقت گزرچکاہے ‘ ملکی مفاد میں آنے والی ہررکاوٹ کو دور کیاجائیگا‘ مفروضوں سے نہیں شواہد کی بنیاد پربات ثابت کریں

سابق رکن اسمبلی وضلعی صدرمسلم لیگ (ن)میرپور راجہ مقصود احمد خان کا لیگی کارکنان سے خطاب

منگل 24 جنوری 2017 14:33

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2017ء) سابق ممبراسمبلی وضلعی صدرمسلم لیگ ن راجہ مقصود احمد خان نے کہاہے کہ بلند وبانگ دعوئوں سے عوام کو بیوقوف بنانے کاوقت گزرچکاہے ۔ ملکی مفاد میں آنے والی ہررکاوٹ کو دور کیاجائے گا۔ مفروضوں سے نہیں شواہد کی بنیاد پربات ثابت کریں۔ شورمچانے والے پیچھے جبکہ پاکستان آگے چلاجائے گا۔

سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان دنیاکاپرکشش ترین ملک بن چکاہے۔ حکومت آزاد کشمیر کے تاریخ سازفیصلوں کے مثبت اثرات عام آدمی تک پہنچنے شروع ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی عوام دوست پالیسیوں کواندرون وبیرون ملک سے بھرپورپذیرائی مل رہی ہے۔وزیراعظم غریبوں کے دکھ درد کو سمجھنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ محمدفاروق حیدرخان اور ان کی ٹیم ریاست اور عوام کے مفاد میں تاریخی فیصلے کررہی ہے ۔ نوجوان سوشل میڈیاکو ابلاغی ہتھیار کے طورپراستعمال کرکے بھارتی مظالم کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کریں۔طاقت کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ کشمیریوں پرریاستی جبر پاکستان سے سرحدی کشیدگی ، سیاہ چین کے غیرمتنازعہ علاقہ پرفوجی مہم جوئی ، سرکریک تنازعہ اورپانی کے طے شدہ معاہدے سے انخراف بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کی مسئلہ کشمیرپرٹھوس پالیسیوں کی بدولت برطانوی پارلیمنٹ کا کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظورکرنااور او آئی سی کا مشن مقبوضہ کشمیربھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔بھارت مغربی دریائوں کا پانی روک کراپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ بھارت اس طرح کی حرکتوں سے آبی دہشت گردی پراترآیاہے۔ مسئلہ کشمیرخطہ میںامن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرپرآنکھیں بند رکھنے کے بجائے مسئلہ کوسنجیدہ لے بصورت دیگرمسئلہ کشمیرپورے خطہ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتاہے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے مسلم لیگ ن کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ مقصود احمد خان نے کہاکہ راجہ محمدفاروق حیدر خان نے ہیلتھ پیکج کااعلان کرکے صحت کے حوالے سے عملی قدم اٹھایاہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی شروع کرنے کی منظوری سے عام آدمی کو صحت کی سہولتیں میسر آئیں گی۔

ناقص ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف اقدامات اٹھانے سے شفافیت کاعمل پروان چڑھے گا۔ وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے این ٹی ایس اور دیانتدار کمیشن کی تشکیل نوع کے بعد ٹیچرز ریکروٹمنٹ پالیسی کی منظوری دے کرنوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنالیاہے۔ مخالفین اب صبرسے کام لیتے ہوئے فیصلوں کا انتظارکریں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کادامن صاف ہے ۔

میاں برادران کے ترقی کے وژن کی بدولت عام آدمی بھی بیس روپے میں سفرطے کرسکتاہے۔ مخالفین کے اچھل کود کے ڈرامے اپنے انجام کو پہنچ چکے۔ دوسروں کی تلاشی لینے والے اب اپنی تلاشی دینے کے لیے تیاری کرلیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے خطہ کی ترقی کے لیے جامع پلان تشکیل دیاہے جس میں آزاد کشمیر کی خستہ حال سڑکوں کودوبارہ بہترکنڈیشن میں لایاجائے گا۔ ایسے علاقہ جات جہاں پربجلی کے وولٹیج کم ہیں وہاں پر گریڈ اسٹیشن دے کربجلی کے وولٹیج کوبہتر کیاجائے گا تاکہ لوگ بجلی کے کم وولٹیج کی وجہ سے دوچار ذہنی کوفت سے بچ سکیں۔ انھوں نے کہاکہ حلقہ سماہنی کے عوام کے بنیادی مسائل کوان کی دہلیز پرحل کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں