ترک محکمہ صحت وفد کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مریدکے کادورہ

ہسپتال میں دستیاب وسائل اور مشکلات کا جائزہ لے کر مقامی افراد کو صحت کی مزید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار

بدھ 8 فروری 2017 18:40

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء)ترکی کے محکمہ صحت کے وفد نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے کا دورہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب وسائل اور مشکلات کا جائزہ لے کر مقامی افراد کو صحت کی مزید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترکی کے وفد میں شامل سینئر ڈاکٹر صلا ح الدین، ڈاکٹر احمد اور ڈاکٹر ایاد نے ڈی ایچ او شیخوپورہ ڈاکٹرمحمد سعید، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے چودھری محمد ارشد بھدر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عدنا ن القمر کے ہمراہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور، ایمر جنسی، لیبارٹری سمیت تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مقامی افراد کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کرنے کا پیغام دیا۔

وفد کے اراکین نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں اوسطاً ساڑھے تین ہزار افراد پر ایک ڈاکٹر تعینات ہے جبکہ پاکستان میں اس کی شرح کئی گنا ذیادہ ہے جس وجہ سے عوام صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ترک حکومت مقامی ہسپتالوں میں ریفرل سسٹم کو کم کرنے کے لیے بنیادی ضروریات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اسی سلسلہ میں پنجاب کے درجن سے زائد تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کا دورہ کیا گیا ہے۔

وفد نے مریدکے ہسپتال میں سہولیات، عمارت اور عملہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے دیگر ہسپتالوں سے بہتر قرار دیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت دیگر ہسپتالوں سے بہتر ہے مگر اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے جس کے لیے تعاون کیا جائے گا۔ ڈی سی شیخوپورہ ارقم طارق اور اسسٹنٹ کمشنر مریدکے چودھری ارشد بھد ر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے کی انتظامیہ کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں