پسماندہ اضلاع کی ترقی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے گی‘وزیراعظم آزادکشمیر

ایسے اضلاع جہاں ابھی تک بنیادی ڈھانچہ مہیا نہیں کیا جا سکا وہاں ضرورت کے مطابق فنڈزمہیا کیے جائیں گے اور اداروںکا قیام عمل میں لایا جائیگا‘راجہ فاروق حیدر

بدھ 18 جنوری 2017 13:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پسماندہ اضلاع کی ترقی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے گی، ایسے اضلاع جہاں ابھی تک بنیادی ڈھانچہ مہیا نہیں کیا جا سکا وہاں ضرورت کے مطابق فنڈزمہیا کیے جائیں گے اور اداروںکا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

حکومت کی اتھارٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سڑک بند کرکے کوئی مطالبہ نہیں منوا سکتا ۔ ضلع ہٹیاں بالا کومثالی بنائیں گے کیونکہ یہ سرینگر اور مظفرآباد کا گیٹ وے ہے۔ضلع ہٹیاں میںابھی تک جو سرکاری ادارے قائم ہوئے ہیں ان کے قیام کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ضلعی ہیڈکوارٹر پر فائر بریگیڈ اور (15)کے دفاتر کا فوری قیام عمل میںلایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلع میں امن وامان کے قیام کے لیئے ضرورت کے مطابق پولیس فورس مہیا کی جائے گی۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی جملہ ضروریات پوری کی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کا فرض ہے کہ وہ عوام کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں ،ریاست کا انتظامی ڈھانچہ بڑھنے کے فوائد عوام تک پہنچنے چاہیں ۔ ملازمین عوام کی خدمت کے لیئے تعینات ہیں اور اسی مقصد کے لیئے انہیں تنخوائیں ادا کی جاتی ہیں ۔

وزیراعظم آزادکشمیر ضلع ہٹیاں بالا سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا نے مختلف اداروں کے آفیسران کے ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصفطی ٰ بشیر عباسی ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالدکیانی ، کمشنر مظفرآبادچوہدری محمد طیب ، ڈی آئی جی مظفرآباد ، ایس پی ہٹیاں بالا اورضلعی آفیسران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ چکار لاری اڈے کی تعمیر ، سلاٹر ہائوس ، فائر بریگیڈ ، پریس کلب، سپورٹس سٹیڈیم ، گریڈ اسٹیشن کے قیام سمیت دیگر منصوبوں کے لیئے فوری اقدامات اٹھائیں اور ایسے ادارے فوری بنیادوں پر قائم کیے جائیں جن کی عوام کو ضرورت ہے ۔ ضلع ہٹیاں بالا میں جو ادارہ جات موجود نہیںان کی تفصیل مہیا کی جائے اور سرکاری دفاتر کی مکانیت سے متعلق جملہ تفصیلات پیش کی جائیں تاکہ عوامی ضرورت کے حامل اداروں کا فوری قیام عمل میں لایا جا سکے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت کے حوالے سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ضروریات پوری کی جائیں تاکہ عوام الناس کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسرآسکیں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ شاہرات کو ہدایت کی کہ وہ لیپہ اور سدھن گلی کی سڑکوں کو ہمہ وقت بحال رکھنے کے لیئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں اور برف باری میں بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بحال رکھا جائے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہمیں کام کی اجرت ملتی ہے ، مفت میں کام نہیں کرتے جب افسر ٹھیک ہو گا تو ہر ملازم اس کی بات مانے گا،بالا ئی علاقوں میں اوور لوڈنگ کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں جن کی روک تھا م کے لیئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں اور اوورلوڈنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ مقامی اداروں میں گریڈ 1سے 4تک لوکل لوگوں کا استحقاق ہے جس علاقے کی آسامی ہو اسی علاقے سے تعیناتی کی جائے ۔

قانون اور قاعدے کے مطابق لوگوں کو ٹی ڈی کوٹہ کے تحت لکڑ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ محکمہ زراعت کے توسیعی مراکز کے کام زمین پر نظر آنے چائیں ۔ سبزیوں اور پھلوں کی کاشت مقامی آب وہوا کو دیکھ کر یقینی بنائی جائے تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے اور اس قومی مہم میں مقامی آبادی کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ضلع ہٹیاںبالا کے طبی مراکز میںڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضریاں یقینی بنائی جائیں ، چکار رینج سمیت تمام علاقوں میںجنگلات کی اراضی سے ناجائز قابضین کو بے دخل کیا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں