نواز شریف نے امن وامان کی بحالی ،توانائی بحران کے خاتمے ،معاشی ترقی کی صورت میں قوم سے کیے بڑے وعدے پورے کردیئے، محمد برجیس طاہر

عمران خان و دیگر ترقی کے دُشمنوں کیلئے 2018 کے انتخابات عبرتناک سیاسی شکست ،رسوائی کا سبب ثابت ہوں گے،نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر برق رفتاری سے جاری رہیگا، وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان کا سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 19:22

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ امن وامان کی بحالی، توانائی بحران کے خاتمے اورمعاشی ترقی کی صورت میں وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف نے قوم سے کیے گئے تین بڑے وعدے پورے کر دیے ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر محمدنواز شریف نے قوم سے تین بڑے وعدے کیے تھے جن میں سرفہرست ملک سے انتشار اور دہشت گردی کا خاتمہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی محنت اور قربانیوں کے باعث آج نہ صرف ملک میں امن کی فضا لوٹ آئی ہے بلکہ آج ملک کے چپے چپے پر حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے اور بین الاقوامی جریدوں اور دیگر رپورٹس کے مطابق سال 2016 ء کو پچھلی15 سالوں میں پاکستان کا محفوظ ترین سال قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت نے توانائی بحران پر بھی بڑے احسن طریقے انداز سے قابو پا لیا ہے اور 12 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے شکار علاقوں میں بڑے محدود پیمانے پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیشتر توانائی منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ ایک دوسال میں تقریباً دس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں میں آنے سے توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح معیشت کے میدان میں حکومت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے اور ہمارے وزیر خزانہ کو اس خطے کا بہترین وزیر خزانہ ہونے کا اعزاز حاصل ہو ا ہے۔ آج پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ایشیاء کی بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی ہے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیںاور پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں ملک میں 50 ارب ڈالر سے زاہد کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جسے سے پاکستان کے تمام علاقوں کے عوام یکساں مستفید ہوں گے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ جلسہ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر اعتماد اور محمدنواز شریف سے محبت کا اظہار ہے انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف نے سانگلہ ہل کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں ۔ سانگلہ ہل انٹر چینج کی تعمیر کی صورت میں نواز شریف کا اس علاقے کی عوام سے ایک بڑا وعدہ پورا ہو چکا ہے اور اب تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے حلقہ NA-135 کو گیس فراہم کی جارہی ہے اس کے علاوہ دیہی سڑکوں کے پروگرام کے تحت حلقہ NA-135 میں درجنوں سڑکوں کو کارپٹ کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ محمدنواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے انہوں نے سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135 کے عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی اور یہی وجہ ہے سانگلہ ہل کے بلدیاتی انتخابات نے انہوںنے ہماری جماعت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے اسے کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ سانگلہ ہل شہر کی سڑکیں جو کبھی کھنڈرات کا منظر پیش کرتی تھی آج نہ صرف تعمیر ہو چکی ہیں بلکہ بازاروں میں ٹف ٹائیلز تک نصب کی گئیں ہیں یہی نہیں ہل ویو پار ک کی صورت میں سانگلہ ہل کے عوام کو تفریح کے مواقع دینے کی بھی بھرپور کوشش کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ سفر یہاں اختتام پذیرنہیں ہو رہا بلکہ پوری برق رفتاری سے جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے انتخابات کے بعد اب بلدیاتی نمائندے بھی محمدنواز شریف کے وژن کی تکمیل کے لیے نچلے لیول پر عوام کی بھرپور خدمت کریں گے اورعوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان اور دیگر ترقی کے دُشمن آج پاکستان میں ہونے والی ترقی سے سخت خائف ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حواری اور دیگر چند ترقی کے دُشمن آپ کی اور سانگلہ ہل سمیت NA-135 کی ترقی سے ہرگز خوش نہیں ہیں او راُن کی بھرپور کوشش ہو گی کہ ترقی وخوشحالی کے اس سفر کو ڈی ریل کیا جاسکے ۔

انہون نے کہا کہ سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135عوام نے ان ترقی کے دُشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہے اور جنرل الیکشن میں ان کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنا ہے انہوں نے کہا کہ آج جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت نے اس امر کو ثابت کر دیا ہے کہ سانگلہ ہل کے عوام کا راستہ ترقی و خوشحالی کا راستہ ہے اور اس جلسے نے چند ہفتے قبل سانگلہ ہل انٹر چینج کے مقام پر ہونے والے اُس عظیم وشان جلسے کی یادتازہ کر دی ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف نے شرکت کی تھی او ر سانگلہ ہل انٹر چینج کے افتتاح کے ساتھ ساتھ اس علاقے کی تعمیر وترقی کے لیے اور بھی کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے اس اعتماد پر اُن کے بے حد شکر گزار ہیں اور محمدنواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے سانگلہ ہل اور حلقہ NA-135 کے عوام کی خدمت بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں