بھارتی حکومت متعددبار سی پیک منصوبے کوناکام بنانے کی دھمکیاں دے چکی ہے‘میاں مقصوداحمد

جماعت اسلامی شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے ،کارکنان زخمیوں کو خون کاعطیہ دیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 14 فروری 2017 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے لاہورمیں پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے بم دھماکے کی اطلاعات کے باوجود ناقص سیکیورٹی انتظامات پر صوبائی حکومت کو شدید تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ پیشگی اطلاعات کے باوجود دہشت گردی کا ہونا حکومت،سول انتظامیہ،ضلعی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجا ئے،دہشت گردی کے خلاف عوام کے عزائم کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن(ر)احمد مبین سمیت فرض پر اپنی جان نثار کرنے والے ہمارے ہیروزہیں ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ خود کش دھماکے کی ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کی جائیں۔کچھ غیر ملکی دشمن قوتیں سی پیک منصوبے سے خائف ہوکر پاکستان کے امن کونقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔بھارتی حکومت کی طرف سے متعددبار پاکستان کودھمکیاں بھی دی جاچکی ہیں،اس حوالے سے بھی تشویش ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے خاطر خواہ مالی وطبی امداد دے۔چند گھنٹوں میں تین بم دھماکے منظم کاروائی کی طرف نشاندہی کرتے ہیں۔دہشتگرد اور ان کے اصل پشت پناہوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ برابرکی شریک ہے۔

دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے اتحادویکجہتی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی کے کارکنان زخمیوں کو خون کاعطیہ دینے کے لیے ہسپتالوں میں پہنچیں۔انہوں نے کہاکہ دشمن عناصر کو سی پیک برداشت نہیں ہورہا ہے۔یہ پاکستان کی خوشحالی کامنصوبہ ہے۔ایک گہری سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کا امن خراب کرکے منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں حائل کی جارہی ہیں۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں