عظیم اور شاندار مستقل 2017 ء میں پاکستان کا منتظر ہے،معاشی اور توانائی کے لحاظ سے مستحکم اورخود کفیل پرامن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کی ناگودر میں سڑک کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت

جمعہ 20 جنوری 2017 19:08

ننکانہ صا حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ2017 ء کا سال پاکستان کے لیے 2016 ء سے بھی زیادہ خوشحال ثابت ہو گا ، وزیراعظم پاکستان محمدنواز شریف کی قیادت میں حکومت کی موثر پالیسیزاور حکمت عملی کے باعث ایک عظیم اور شاندار مستقبل 2017 ء میں پاکستان کا منتظر ہے۔

وہ جمعہ کو ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے ناگودر میں سڑک کے افتتاح کے موقع پر وہاں موجود عوام اورمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کی بہترین پالیسیزز کے باعث آج معاشی اور توانائی کے لحاظ سے ایک مستحکم وخود کفیل پرُامن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں پہاڑ کی مانند دکھنے والے مسائل اور چیلینجززپر حکومت نے بڑے احسن انداز سے قابو پا لیا ہے اور اس کا اعتراف نہ صرف قومی سطح پر کیا جارہا ہے بلکہ جاپان سے لے کر امریکہ تک دُنیا کے مستند جریدے اور اخبارات حکومت کی اس زبردست کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ امن وامان ہو یا معیشت یا پھر کوئی اور شعبہ ،حکومت نے ہر میدان میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے باعث بین الاقوامی سطح کی اشاعت و جریدے میں2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی زبر دست کامیابی کی پیش گوئی کر رہے ہیں ۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی نے دُشمنوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ پاکستان او رحکومت کوکسی نہ کسی طریقے سے غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوششیںکر رہے ہیں ۔

لیکن وہ پاکستانی قوم کی ترقی و خوشحالی کو اب کسی صورت میں نہیں روک سکتے ہیں۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ اگر آج عمران خان نے بھی دھرنوں اور احتجاج کی بجائے صوبہ کے پی کے میں نواز شریف کے وژن کی طرح صرف اور صرف ترقی وکارکردگی کو اپنامشن بنایا ہوتا تو کے پی کے کے عوام بھی خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کر رہے ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ آج خیبر پختونخواہ کے عوام کاعمران خان پر اعتماد اور بھروسہ ختم ہو چکا ہے اور وہاں کے عوام آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی طرح محمدنواز شریف کے وژن سے بے حد متاثر ہو چکے ہیںاور وہ اپنے صوبے کی خوشحالی کی خاطر 2018 ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو کے پی کے میں بھرپور کامیابی دلوا کر دیگر پاکستان کی طرح شاندار ترقی کے سفر پر تیزی سے گامزن ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں